Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کی تیاری، آئندہ برس پاکستان اور انگلینڈ چار ٹی20 میچز میں مدمقابل ہوں گے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز 22 سے 30 مئی کے درمیان کھیلے جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان، انگلینڈ کے خلاف 2024 میں چار ٹی20 میچز کھلیے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے منگل کے روز بتایا کہ انگلینڈ اپنے 2024 کے ہوم سیزن کا آغاز پاکستان کے خلاف مئی میں ٹی20 میچز سے کرے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلی جائے گی۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔
انگلینڈ ٹی20 کرکٹ کا موجودہ عالمی چیمپئن ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز 22 سے 30 مئی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اُڑان بھرے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 22 مئی کو ہیڈنگلے، دوسرا ایجبسٹن میں 25 مئی، تیسرا 28 مئی کو کارڈف میں جبکہ چوتھا میچ لندن کے اوول سٹیڈیم میں 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی جبکہ اگست ستمبر میں اس کا مقابلہ سری لنکا سے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ہوگا۔
آئندہ برس کے انگلش ہوم سیزن کا اختتام آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی20 میچز اور پانچ ون ڈے میچز سے ہوگا جو کہ ستمبر میں شیڈول ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف مئی میں تین ٹی20 میچز اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔
اس کے بعد انگلش ویمنز ٹیم کا مقابلہ تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچز میں نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

شیئر: