Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو ہوگا

پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی حیدرآباد دکن میں 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹو کے ساتھ کھیلے گا (فائل فوٹو: آئی سی سی میڈیا زون)
رواں سال انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول منگل کو آئی سی سی نے جاری کیا ہے جس کے مطابق میگا ایونٹ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں 48 گروپ میچز ہوں گے، ان میں تین ناک آؤٹ میچز بھی شامل ہیں۔ 42 میچز ڈے اینڈ نائٹ جبکہ چھ  ڈے میچز ہوں گے۔
میگا ایونٹ میں ڈے میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے جبکہ ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر 1:30 پر شروع ہوں گے۔
ورلڈ کپ کے میچز انڈیا کے 10 شہروں حیدر آباد دکن، احمد آباد، دھرم شالہ، نئی دہلی، چنئی، لکھنؤ، پونے، بنگلور، ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جائیں گے۔
میگا ایونٹ میں پہلا سیمی فائنل ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں 15 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
اگر انڈین ٹیم سیمی فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا کی کوئی بھی پوزیشن ہو، وہ سیمی فائنل ممبئی میں کھیلے گی جبکہ اگر پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیمی فائنل ہوتا ہے تو تب دونوں ٹیمیں کولکتہ میں سیمی فائنل کھیلیں گی۔

پاکستان کے میچز کب اور کہاں؟

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے تمام گروپ میچز انڈیا کے پانچ شہروں کولکتہ، بنگلور، حیدرآباد دکن، احمد آباد اور چنئی میں کھیلے گی۔
اگر کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز کے شیڈول کی بات کی جائے تو پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون ٹیم سے حیدرآباد دکن میں کھیلے گا۔
اسی طرح پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی حیدرآباد دکن میں 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹو کے ساتھ کھیلے گا۔
اس کے بعد پاکستان اپنے روایتی حریف انڈیا کے خلاف احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں 15 اکتوبر کے خلاف میچ کھیلے گا۔
میگا ایونٹ میں پاکستان کا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا جبکہ گرین شرٹس 23 اکتوبر کو اپنا پانچواں میچ افغانستان کے خلاف چنئی میں کھیلیں گے۔
اسی طرح پاکستان اپنا چھٹا میچ بھی 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں ہی کھیلے گا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کا ساتواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں 31 اکتوبر کو ہوگا جبکہ گرین ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 4 نومبر کو بنگلور میں کھیلے گی۔

پاکستان ایونٹ میں آخری گروپ میچ 12 نومبر کو کولکتہ میں انگلیںڈ کے خلاف کھیلے گا۔
 
دوسری جانب میگا ایونٹ میں میزبان انڈیا اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ 11 اکتوبر کو ٹیم انڈیا کا میچ افغانستان سے نئی دہلی میں ہو گا۔
انڈیا اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گا جبکہ 19 اکتوبر کو مین اِن بلیو کو پونے میں بنگلہ دیش کا چیلنج درکار ہو گا۔
اسی طرح دھرم شالہ میں 22 اکتوبر کو انڈیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔
میگا ایونٹ میں 29 اکتوبر کو انڈین ٹیم کا مقابلہ لکھنؤ میں انگلینڈ سے ہوگا جبکہ 2 نومبر کو روہت شرما کی ٹیم ممبئی میں کوالیفائر ٹو سے مقابلہ کرے گی۔
اسی طرح 5 نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف انڈیا کا میچ کولکتہ میں ہوگا جبکہ انڈین ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 11 نومبر کو بنگلور میں کوالیفائر ون کے خلاف کھیلے گی۔

شیئر: