Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے اوور میں چار وکٹیں، ’اگر شاہین شاہ انڈیا کے خلاف احمد آباد میں ایسا ہی کریں‘

شاہین شاہ پہلے اوور میں چار وکٹیں لینے والے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ فوٹو: کرکٹ انفو
برطانیہ میں جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کے خلاف پاکستان کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے پہلے ہی اوور میں چار وکٹیں حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پہلے اوور میں چار وکٹیں لینے والے پہلے بالر کا اعزاز اپنے نام کیا ہے تاہم ان کی ٹیم نوٹنگھم شائر حریف ٹیم برمنگھم بیئرز کو شکست دینے میں ناکام رہی۔
پاکستانی بالر نے نوٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلے اوور کی پہلی، دوسری، پانچویں اور چھٹی گیند پر وکٹ لیں۔
 انہوں اس اوور میں 2 کھلاڑیوں کو بولڈ، ایک کو ایل بی ڈبلیو اور ایک کو کیچ آؤٹ کیا۔
جمعے کی شام کو ہونے والے میچ میں نوٹنگھم شائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں برمنگھم بیئرز کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ’بہترین بالر‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن اختر جمال نے میچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سوچیں اگر شاہین شاہ انڈیا کے خلاف احمد آباد میں ایسا ہی کریں۔‘
انڈین یوٹیوبر اور کرکٹ تجزیہ کار آکاش چوپڑہ نے شاہین شاہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ’کچھ ڈیلوریز بالکل کھیلی نہیں جا سکتی تھیں، اتنی تیز رفتار سوئنگ تھی اور بھرپور انداز میں بولنگ کرائی۔‘
زنیرا نامی صارف نے لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی بہترین کارکردگی کو ایک ٹویٹ میں بیان کرنا ناممکن ہے لیکن وہ اس دور کے ’بیسٹ فاسٹ بالر‘ ہیں۔
خیال رہے کہ جولائی میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔

شیئر: