سعودی عرب اور چین کا سمارٹ سٹیز ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت پر تبادلہ خیال
سعودی عرب اور چین کا سمارٹ سٹیز ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت پر تبادلہ خیال
بدھ 5 جولائی 2023 18:23
سعودی وزیر مواصلات نے بیجنگ کے میئر اور چینی وزیر سے ملاقاتیں کی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئر عبداللہ السواحہ نے بدھ کو بیجنگ کے میئر ڈاکٹر ین یونگ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، خلا اور اختراع کے شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان شراکت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر نائب وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئر ھیثم العوھلی، چین میں متعین سعودی سفیر عبدالرحمن الحربی بھی موجود تھے۔
انجینیئرعبداللہ السواحہ نے بیجنگ کے میئر کے ساتھ سمارٹ سٹیز ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت، ٹیکنالوجی استعداد بڑھانے کی کوششوں اور سعودی عرب کی مثالی کمپنیوں کے لیے بیجنگ کی مارکیٹ کے دروازے کھولنے کے حوالے سے سہولتوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹیکنالوجی کے متعدد شعبوں خصوصا ڈیجیٹل بزنس اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سے تعلق رکھنے والی قانون سازی کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر مواصلات نے چین کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی وانگ زیوانگ سے بھی ملاقات کی۔
ریسرچ ڈیولپمنٹ اور اختراع کے شعبے میں شراکت کا دائرہ وسیع کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صحت، پائیدار ماحولیاتی نظام، صنعت، توانائی اور مستقبل کی معیشتوں پرخاص طور پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سعودی وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دورہ چین ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعلقات کے استحکام کے حوالے سے ہے۔