Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہد کی مکھیوں کے چھتوں میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام

شپمنٹ وصولی کے لیے آنے والے دوافراد کو حراست میں لے لیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے بیرون ملک سے سمگل کی جانے والی نشہ آورگولیوں کی بڑی مقدار ضبط کرلی۔
منشیات شہد کی مکھیوں کے چھتوں میں چھپائی گئی تھیں جنہیں کسٹم اورمحکمہ انسداد منشیات کے اہکاروں نے برآمد کرلیا۔ ابتدائی طورپرمنشیات سمگل کرنے کے الزام میں دوافراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق محکمہ کسٹم اورانسداد منشیات کی ٹیموں نے بیرون ملک سے لائی جانے والی ایک شپمنٹ جس میں بظاہر شہد کی مکھیوں کے چھتوں کو لکڑی کے چھوٹے ڈبوں میں رکھا گیا تھا۔
کسٹم اہلکاروں نے شپمنٹ کا جدید آلات اورسراغ رساں کتوں کے ذریعے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ لکڑی کے ڈبے جن میں شہد کی مکھیوں کے چھتے رکھے ہوئے تھے کے خفیہ خانوں میں  نشہ آورگولیاں چھپائی گئی ہیں۔
مشترکہ ٹیم نے تمام ڈبے کھولے جن کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جن کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار274 تھی۔
محکمہ انسداد منشیات کی ٹیم نے شپمنٹ وصول کرنے کے لیے آنے والے دوافراد کوحراست میں لے لیا جبکہ منشیات ادارے کو ارسال کردی گئی جہاں انہیں تلف کیا جائے گا۔
واضح رہے سعودی عرب میں بڑے پیمانے پرمنشیات کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اس حوالے سے ادارہ امن عامہ کی جانب سے بھی لوگوں سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے تاکہ منشیات فروشی کا مکمل طورپرخاتمہ کیاجاسکے۔

شیئر: