پاکستان میں پانی کا بحران شدت اختیار کررہا ہے ، مبشر کرمانی
کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے، آب پاشی کے نظا م پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے، صدر انسٹی ٹیوشن آف انجینیئرز
ریاض (جاوید اقبال) کرہ ارض پر کم از کم ایک ارب 20کروڑ افراد کی تا زہ پانی تک رسائی نہیں جبکہ 2ارب 70کروڑ کو سال میں کم از کم ایک ماہ پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ بات انسٹی ٹیوشن آف انجینیئرز پاکستان سعودی عریبین سینٹر ریاض کے صدر انجینیئر سید مبشر حسین کرمانی نے کنگ سلمان سینٹر میں منعقدہ سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔جس کا موضوع ”پانی کی کمیابی اور بحران تھا۔ انجینیئرز کےلئے لمحہ فکریہ“ مہمان خصوصی سینیئر انجینیئر اور انسٹی ٹیوشن کے سابق عہدیدار انجینیئر فاروق شیخ تھے جبکہ نظامت کے فرائض تنظیم کے سیکریٹری جنرل انجینیئراقبال احمد نے ادا کئے۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انجینیئر سید مبشر کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت پانی کے بحران کی حد سے گزر کر اس کی کمیابی کا شکار ہوچکا ہے کیونکہ وہاں فی کس دستیابی سالانہ ایک ہزار مکعب میٹر سے بھی کم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبادی میں اضافہ، زراعت کیلئے پانی کی طلب میں زیادتی، آب و ہوا میں تبدیلی اور پانی کی غیر ذمہ دارانہ تقسیم موجودہ تشویشناک صورتحال کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا بحران اتنی تیز رفتاری سے بڑھ رہا ہے کہ 2050ءتک اس کی دستیابی میں 30فیصد مزید کمی آجائیگی اور اس کے نتیجے میں خوراک کی پیداوار مزید 70لاکھ ٹن سالانہ نیچے چلی جائیگی۔ سید مبشر کرمانی نے کہا کہ ہند دریائے جہلم پر کشن گنگا ڈیم تعمیر کرکے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ اس منصوبے سے دریائے جہلم اور اس کے آب پاشی کے نظا م پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے۔ قبل ازیں مشرقی صوبے میں تنظیم کے چیئرمین انجینیئر رضوان احمد نے ا پنے مرکز کی فعالیات پر روشنی ڈالی۔ انجینیئر اقبال احمد نے ریاض مرکز کی تفریحی سرگرمیوں کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ پاکستان کی 9جامعات میں حاجتمند بچوں کو تعلیم کیلئے وظائف بھی مہیا کئے جارہے تھے۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے سیمینار کے معیار کو سراہا اور اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ انسٹی ٹیوشن ضرورتمند طلباءکے تعلیمی اخراجات برداشت کررہا تھا۔ انجینیئر مبشر حسین کرمانی نے شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور خادم حرمین شریفین کی حکومت کیلئے خصوصی طور پر اپنی ممنونیت کا اظہار کیا جس کے زیر نگرانی انسٹی ٹیوشن اپنی سرگرمیاں جاری رکھ رہا ہے۔ تقریب کا آغاز انجینیئر عاصم قریشی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔