Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف سے معاہدہ، فِچ نے پاکستان کی ریٹنگ اَپ گریڈ کر دی

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ریٹنگز کی بہتری کو خوش آئند قرار دیا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریٹنگ ایجنسی فِچ نے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی مائنس سے ٹرپل سی کر دی ہے۔
امریکی ریٹنگز کمپنی ’فِچ ریٹنگز‘ نے پاکستان کی طویل مدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے والی ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) ’سی سی سی‘ مائنس کے درجے سے بڑھا کر ’سی سی سی‘  کر دی ہے۔
’فِچ ریٹنگز‘ کی ویب سائٹ پر پیر کو پاکستان کی نئی درجہ بندی کے بارے میں تفصیلات دی گئی ہیں۔
فِچ ریٹنگز نے کہا ہے ریٹنگ کا اپ گریڈ ہونا اس بات کی علامت ہے کہ جون میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نو ماہ کے سٹینڈ بائے معاہدے کے بعد پاکستان کے بیرونی لیکویڈیٹی اور فنڈنگ کی صورت حال میں بہتری ہوئی ہے۔
’پاکستان نے حالیہ عرصے میں حکومت کی آمدن میں کمی کے مسئلے، توانائی سے متعلق سبسڈی، کرنسی کے ایکسچینج ریٹ سے متعلق پالیسیوں اور امپورٹ فنانسنگ سے متعلق اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔‘
پاکستان کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے نئی ریٹنگ سے متعلق مذکورہ کمپنی کا لنک بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤںٹ پر پوسٹ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید لکھا کہ ’یہ معاشی بحالی کے سفر کی ایک اور مثبت خبر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، قوم، حکومتی اتحادیوں اور معاشی ٹیم کو مبارک باد۔‘
فچ ریٹنگز کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان نے مالی سال 2023 اور 24 کے بجٹ میں اخراجات کم کرنے ، مزید ٹیکس عائد کرنے اور سبسڈی سے متعلق اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔‘
گزشتہ برس جولائی میں فچ نے پاکستان کا آؤٹ لُک مستحکم سے منفی کر دیا تھا۔

شیئر: