Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی ٹکر سے ہلاکت، سعودی شہری کے بھائی نے ڈرائیور کو معاف کردیا

ہلاک ہونے والا سند جلال حائل پولیس میں ملازم  تھا ( فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے حائل ریجن میں گاڑی سے ٹکر سے ہلاک ہونے والے سعودی شہری کے بھائی نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو اللہ کی رضا کے لیے  معاف کردیا۔ 
گزشتہ ہفتے حائل ریجن میں عقد پل  پر ٹریفک حادثے میں سند جلال نامی مقامی شہری زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔ 
حادثے میں ہلاک ہونے والے سعودی شہری سند جلال کے بھائی نے کہا ہے کہ’ پورے خاندان کا فیصلہ ہے اللہ کی رضا کے لیے حادثے کے ذمہ دار کو معاف کردیا جائے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ سند جلال نے شادی نہیں کی تھی۔ وہ خود کو والدہ کی خدمت کے لیے وقف کیے ہوئے تھا۔ غیروں کی خدمت کرتا تھا۔غیرملکی بھی اسے ہمیشہ محبت سے یاد کیا کرتے تھے‘۔ 
یاد رہے کہ حائل ریجن میں ٹریفک حادثے میں سعودی نوجوان کی ہلاکت پر سوشل میڈیا پر غم و غصہ تھا۔ 
سند جلال کی عمر 35 سال تھی اور وہ حائل پولیس میں ملازم  تھا۔
سعودی نوجوان کے دوست منصور الشمری کا کہنا تھا کہ ’حادثہ رنگ روڈ کے عقدہ برج پر ہوا۔  میری آخری ملاقات فجر کی نماز میں ہوئی تھی۔ موت کی اطلاع پر یقین نہیں آ رہا تھا۔‘
 ’سند جلال بزرگوں کے ساتھ  بہت زیادہ احترام کا معاملہ کرتے اور بچوں کو رضاکارانہ طور پر تحفیظ قرآن کی کلاسوں میں لے جایا کرتے تھے۔‘ 
 حائل پولیس کے مطابق ویڈیو کلپ میں نظر آنے والے اس شخص کو گرفتار کیا جس نے تیز رفتار ڈرائیونگ کے دوران سعودی نوجوان کو ٹکر ماری تھی جس سے وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ 
یاد رہے کہ گاڑی کو ٹکر مارنے والے واقعے کے منظر پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے سامنے آنے والی گاڑی کو ٹکر ماری جس سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔  گاڑی میں موجود نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

شیئر: