Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی حجاج کے پیکیج پر نظرثانی کی جائے، سعودی مجلس شوری 

حج ہاؤسنگ اینڈ سروسز کمیٹی کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری نے وزارت حج و عمرہ پر زور دیا ہے کہ ’داخلی حجاج کے پیکیجز پر نظرثانی کی جائے۔ کسی بھی پیکیج کے امیدواروں کی انتہائی حد نہ مقرر کی جائے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق ارکان شوریٰ نے پیر کو وزارت حج و عمرہ کی سالانہ رپورٹ پر بحث کے دوران متعدد اہم امور کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔ 
حج ہاؤسنگ اینڈ سروسز کمیٹی کی رپورٹ چیئرمین محمد المزید نے اجلاس میں پیش کی۔
رکن شوریٰ عساف ابواثنین نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ جمرات کے علاقے میں معذوروں کے لیے مختص ٹریکس میں توسیع کا جائزہ لیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں معذوروں کی مدد آسانی سے کی جاسکے اور انہیں بحفاظت نکالا جاسکے۔
 رکن شوریٰ ڈاکٹر ھشام الفارس نے حجاج کو پیش کی جانے والی خدمات اور سہولتوں میں ہر سال بہتری اورتوسیع کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اعلٰی قیادت کے لامحدود تعاون کا نتیجہ ہے۔ 
رکن شوریٰ ڈاکٹرعلی الشھرانی نے کہا کہ وزارت حج و عمرہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں اور ایجنسیوں کو حج آگہی پروگرام کا حصہ بنائے۔
رکن شوری ڈاکٹر محمد آل زومہ کا کہنا تھا کہ ’وزارت حج و عمرہ اعلٰی معیاری غذائی اشیا کی فراہمی کے لیے کیٹرنگ کمپنیوں کا گروپ یا کوئی ایک کمپنی قائم کرے۔‘ 
رکن شوریٰ ڈاکٹر سلیمان الفیفی نے کہا کہ ’وزارت حج و عمرہ داخلی حجاج کے لیے مختص پیکیجز پر نظرثانی کرے۔ کسی بھی پیکیج کی انتہائی حد نہ مقرر کی جائے تاکہ امیدوار مناسب پیکیج آسانی سے حاصل کر سکیں۔ اکانومی حج پیکج کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔‘
بحث کے اختتام پر حج ہاؤسنگ اینڈ سروسز کمیٹی نے درخواست کی کہ ارکان شوریٰ کی تجاویز کا جائزہ اور موقف دینے کے لیے وقت دیا جائے۔ 

شیئر: