فضائی ٹکٹ اور کارگو کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں: مجلس شوری
شوری نے اجلاس کے دوران ایک قرارداد کی منظوری دی ہے ( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی مجلس شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے کہا ہے کہ’ بین الاقوامی اورعلاقائی ایئرپورٹس کے ساتھ مسابقت کے پیش نظر ٹکٹوں، فیول اور کارگو کے نرخوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مجلس شوری نے منگل کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اس حوالے سے ایک قرارداد منظورکی ہے۔
شوری نے قرارداد کی منظوری سے قبل ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کا موقف بھی سنا ہے۔
شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے کہا کہ ’وہ فضائی کمپنیوں کو پروازوں سے متعلق معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد کا پابند بنائے۔ ان فضائی کمپنیوں کو اس کا پابند کیا جائے جو مسافر پروازیں چلانے کے وعدے کرچکی ہیں‘۔
شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے مطالبہ کیا کہ’ معذوروں کو پچاس فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر درجے کی بکنگ پر رعایت دی جائے‘۔
شوری نے محکمہ شہری ہوابازی کو فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں کی شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔