Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھانا پسند نہ آنے پر مسافر کا ہنگامہ، فلائٹ کا رُخ موڑنا پڑا

یہ فلائٹ تین گھنٹے کی تاخیر سے ایمسٹرڈیم پہنچی (فائل فوٹو: فاکس نیوز)
امریکہ سے نیدرلینڈز جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی فلائٹ کی بزنس کلاس میں ’نشے میں دھت‘ مسافر نے پسند کا کھانا نہ ملنے پر مصیبت کھڑی کر دی جس کے باعث پرواز کو شکاگو میں اتارنا پڑا۔
برطانوی اخبار دی گارڈین نے فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ راڈار 24‘ کے حوالے سے لکھا کہ جہاز نے اتوار کی سہ پہر ہیوسٹن سے پرواز بھری اور دو گھنٹے بعد وہ شکاگو شہر کی فضا میں چکر لگاتی رہی تاکہ ایندھن کا وزن کم کر کے لینڈ کیا جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ ’مسافر نشے میں تھا، لیکن کھانا اس کے غصے کی آخری وجہ بنا۔‘
ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ ’مسافر کی طرف سے خلل پیدا کرنے کی وجہ سے جارج بش انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والی یونائیٹڈ فلائٹ 20 کو بحفاظت اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسافر کو حراست میں لیا اور اس کے بعد دوبارہ ایمسٹرڈیم کی جانب سفر شروع کیا گیا۔‘
یہ فلائٹ تین گھنٹے کی تاخیر سے ایمسٹرڈیم پہنچی، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ کس قسم کا کھانا تھا جو مسافر کو پسند نہ آیا۔
جہاز میں اودھم مچانے والے مسافروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے رواں برس کے آغاز میں ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 2022 میں اس طرح کے واقعات میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 568 فلائٹس میں سے ایک میں اس طرح کا واقعہ سامنے آیا۔

شیئر: