سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین تحفہ پروگرام برائے حجاج کے تحت وزارت اسلامی امورکے ریجنل ادارے کی جانب سے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاوہ حج ٹرمنل ، جدہ کی بندرگاہ اورطائف کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرخصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں حجاج کو روانگی کے وقت قرآن کریم کا تحفہ دیا جاتا ہے۔
تحفہ پروگرام کے علاقائی ذمہ دار کا کہنا تھا کہ تمام ایئرپورٹس اوربندرگاہ پرقائم کیے جانے والے کاونٹرز پرعملہ 24 گھنٹے کی بنیاد پرموجود ہوتا ہے جنہیں مختلف شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
اب تک 4 لاکھ 48 ہزار 672 قرآن کریم کے ترجمہ شدہ نسخے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ تحائف کی تقسیم کا عمل حجاج کی مکمل روانگی تک جاری رہے گا۔
دریں اثنا واپس جانے والے حجاج نے سعودی حکومت کی جانب سے بہترین حج انتظامات اورحرمین شریفین کے علاوہ مشاعرمقدسہ میں انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے تشکر کا اظہارکیا ہے۔