کورین سیریز میں قابل اعتراض عرب کردار دکھانے پر پروڈیوسرز نے معافی مانگ لی
جمعہ 14 جولائی 2023 18:52
ویب سیریز میں ایک مغرور عربی کردار کو دکھایا گیا ہے جس کا نام سمیر ہے۔ (فوٹو:نیپیو انٹرٹینمنٹ)
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی کورین ویب سیریز ’کنگ دی لینڈ‘ کے پروڈیوسرز نے عرب کردار کو قابل اعتراض انداز سے دکھانے پر معافی مانگ لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سپر ہٹ ویب سیریز ’کنگ دی لینڈ‘ کے پروڈیوسرز نے بدھ کو عرب کردار کو سیریز میں دکھانے پر معذرت کی۔
کورین ویب سیریز میں ایک عرب کا کردار انڈین اداکار نے ادا کیا ہے جس کے بعد عرب ناظرین کی جانب سے سیریز کی پروڈکشن کمپنیوں پر شدید تنقید کی گئی ہے اور اُن پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ویب سیریز میں عرب کردار کو دقیانوسی انداز سے دکھایا جا رہا ہے۔
یہ کمپنیاں ’کنگ دی لینڈ‘ ویب سیریز کی دو اقساط کے بعد تنقید کی زد میں آئیں جب انہوں ںے ویب سیریز میں ایک مغرور عربی کردار کو دکھایا جس کا نام سمیر ہے۔ یہ کردار انڈین اداکار انوپم تریپاتھی نے کیا ہے۔
دی کورین ٹائمز کے مطابق سیریز کے پروڈیوسرز نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے ناظرین کو پیش آنے والی غیرمتوقع پریشانی پر معذرت خواہ ہیں، تاہم ہمارا کسی خاص ملک یا کلچر کو خراب کرنے اور بگاڑنے کا مقصد نہیں تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں یہ جلدی محسوس ہوا ہے کہ یہاں پر دوسری ثقافتوں کو سمجھنے میں غلط فہمی ہوئی ہے۔‘
’ہم آگے ایسا مواد بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے جس سے سب لوگ محظوظ ہو سکیں چاہے وہ کہیں سے بھی ہوں اور ان کا تعلق کسی بھی کلچر سے ہو۔ جس ویڈیو کی وجہ سے پریشانی بنی ہے، ہم اسے بغور دیکھیں گے اور اس بات پر زور دیں گے کہ صحیح اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
خیال رہے نیٹ فلکس چارٹس کے مطابق اس وقت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ’کنگ دی لینڈ‘ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والا شو ہے۔