عارف کی اپنے پیارے سارس سے ایک مرتبہ پھر چڑیا گھر میں ملاقات
جمعہ 14 جولائی 2023 20:18
عارف خان گزشتہ برس فروری میں ایک زخمی سارس اپنے ساتھ گھر لائے تھے جو انہیں کھیت میں زخمی حالت میں پڑا ملا تھا۔ (فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے ضلع امیٹھی کے علاقے مندھکا کے 35 برس کے رہائشی عارف خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے پیارے دوست پرندے سارس سے چڑیا گھر میں ملاقات کی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عارف جمعے کو امیٹھی سے کانپور کے چڑیا گھرگئے جہاں انہوں نے ٹکٹ لیا اور اپنے دوست سارس سے 15 منٹ تک ملاقات کی۔
انٹرنیٹ پر اپلوڈ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عارف ماسک پہنے سارس کے پنجرے کے باہر کھڑے ہیں اور پھر جب وہ ماسک اتارتے ہیں تو سارس انہیں دیکھ کر اُچھلنے کودنے لگ جاتا ہے۔
اس موقع پر عارف خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے کھلا چھوڑ دیں۔ بے شک اسے مجھے نہ دیں لیکن اسے چھوڑ دیں۔ یہ پریشان لگ رہا ہے اور میں تکلیف میں ہوں۔ میں صرف اپنے دوست پرندے سے ملنا چاہتا تھا۔ اگر میرے بس میں ہوتا تو میں اس سے ہر روز ملتا۔‘
عارف اپنے دوست پرندے سے 95 دنوں بعد ملے ہیں۔ وہ آخری مرتبہ سارس سے ملنے 12 اپریل کو آئے تھے۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد عارف اور ان کے دوست سارس کی دوستی کے خوب چرچے رہے۔
خیال رہے کہ عارف خان گذشتہ برس فروری میں ایک زخمی سارس اپنے ساتھ گھر لائے تھے جو انہیں کھیت میں زخمی حالت میں پڑا ملا تھا۔
وہ تقریباً 13 ماہ تک سارس کی دیکھ بھال کرتے رہے لیکن اس کے بعد وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد سارس کو پہلے رائے بریلی میں پرندوں کی پناہ گاہ منتقل کیا گیا اور بعد میں اسے کانپور کے چڑیا گھر بھیج دیا گیا تھا۔
اپنے مالک سے علیحدگی کے بعد 40 گھنٹوں تک سارس کچھ بھی کھانے پینے کو تیار نہیں تھا جس سے اس کی اداسی واضح تھی۔