مصر میں مچھلی فروش کو نایاب کچھوا رکھنا مہنگا پڑ گیا
ہفتہ 15 جولائی 2023 22:22
محکمہ ماحولیات کے اہلکاروں نے کچھوے کو تحویل میں لے لیا ( فوٹو: سکرین گریب)
مصر میں ایک مچھلی فروش کو نادر کچھوا رکھنا مہنگا پڑ گیا۔ وہ اس بات سے لاعلم تھا کہ اس کے ہاتھ آنے والا کچھوا نایاب ہے جس کا شکار منع ہے۔
سکائی نیوز کے مطابق مصری درالحکومت قاہرہ کے مشرقی علاقے کی مرکزی مچھلی منڈی میں محکمہ ماحولیات کے اہلکار پہنچ گئے جنہوں نے مچھلی فروش کی دکان پررکھے ہوئے کچھوے کو تحویل میں لے لیا۔
محکمہ ماحولیات کے آپریشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی ابوسنہ کا کہنا تھا کہ ’انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے نادر کچھوے کے بارے میں علم ہوا جسے ’سمندری شیلڈ ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ کچھوا نایاب نسل کا ہے جس کے شکار پرپابندی عائد کی گئی ہے‘۔
کچھوے کے بارے میں سوشل میڈیا پراپیل کی گئی تھی کہ مچھلی منڈی میں ایک دکان پرنایاب نسل کے کچھوے کے ساتھ برا سلوک کیاجارہا ہے اوروہ مرنے کے قریب ہے۔
ماحولیات کے افسر کا کہنا تھا کہ’ جیسے ہی اطلاع ملی محکمے کی ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ کچھوے کو طبی معائنے کے بعد اسے سمندر میں چھوڑ دیا جائے گا۔
مچھلی فروش کا کہنا تھا کہ ’ اس بات سے لاعلم تھا کہ کچوا نایاب ہے اوراس کے شکار پرپابندی عائد ہے۔ وہ صرف خریداروں کو اپنے اسٹال کی جانب متوجہ کرنے کےلیے کچھوے کو رکھے ہوئے تھا‘۔