زرعی اراضی فوج کو الاٹ نہ کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل
زرعی اراضی فوج کو الاٹ نہ کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل
پیر 17 جولائی 2023 9:28
لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے فوج کو زرعی اراضی لیز پر دینے کے معاہدے کو غیرآئینی قرار دیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے زرعی اراضی فوج کو لیز پر دینے سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔
پیر کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے زرعی مقاصد کے لیے زمین فوج کو دینے کا حکومتی اقدام غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے خلاف پنجاب کی نگران حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
پنجاب حکومت نے سنگل بینچ کے احکامات کے خلاف دائر اپیل میں کہا تھا کہ عدالتی فیصلے میں تضاد ہے، زراعتی پالیسیوں کو ریگولیٹ کرنا عدالتوں کی ذمہ داری نہیں ہے۔
اپیل میں مزید کہا گیا کہ سنگل بینچ کی جانب سے فوج کو زمین دینے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینا قانون کے برعکس ہے، قانون کے مطابق نگران حکومت سابقہ حکومت کے کسی نامکمل اقدام یا پالیسی کی تکمیل کرسکتی ہے۔
پنجاب حکومت نے دائر اپیل میں مزید کہا کہ منصوبہ نگران حکومت نے شروع نہیں کیا، اس سے پہلے کی منتخب حکومت نے شروع کیا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائی کورٹ زمین فوج کو دینے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بینچ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے۔
گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کے اس حکم نامے کو ختم کر دیا تھا جس میں فوج کو زرعی مقاصد کے لیے 10 لاکھ ایکڑ اراضی دی گئی تھی جس کے بعد پنجاب کی نگران حکومت نے اس فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی تھی۔
عدالت نے اپنے حکم میں صوبے کے بورڈ آف ریوینیو کو کہا تھا کہ سرکاری کاغذات میں زمین کی ملکیت فوج سے ہٹا کر واپس حکومت کے نام منتقل کر کے رپورٹ 15 روز میں اسی عدالت میں پیش کی جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس عابد حسین چٹھہ نے اپنے طویل حکم میں یہ بھی کہا تھا کہ ’پاکستان فوج کے پاس کارپوریٹ فارمنگ جیسے معاملات میں الجھنے کے لیے آئینی اور قانونی جواز نہیں ہے۔‘
لاہور ہائی کورٹ نے آئینی شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا ’ریاستی وسائل پر حق صرف اور صرف عوام کا ہے۔ اور حکومت کے پاس ریاستی وسائل ایک امانت کی طرح ہیں۔ ریاستی دولت چند ہاتھوں میں مرتکز کرنا آئین کی روح کے خلاف ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے لیے لیز کا عمل غیرشفاف اور مخصوص گروہ کو نوازنے کے مترادف ہے۔‘
پبلک انٹرسٹ لا ایسوسی ایشن نامی ایک تنظیم نے پنجاب حکومت کی جانب سے فوج کو 10 لاکھ ایکڑ اراضی لیز پر دینے کے عمل کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔