Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ میں مسجد ڈیزائن کے لیے سعودی نوجوانوں میں مقابلہ

نجدی تعمیراتی انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے دو مساجد کا ڈیزائن تیار کیا جائے گا۔ فوٹو: عرب نیوز
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مسجد ڈیزائن کے مقابلوں میں شامل ہونے کے لیے اتوار کو رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے۔ رجسٹریشن 25 جولائی تک جاری رہے گی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان مقابلوں میں نوجوان سعودی آرکیٹیچرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور الدرعیہ کے آرکیٹیکچرل لینڈ سکیپ کی ترقی میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔
سعودی نوجوان علاقے کی روایتی تعمیراتی تکنیک اور مواد کا استعمال کر کے الدرعیہ میں دو مساجد کے لیے نجدی تعمیراتی انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرادی طور پر یا تین سے پانچ کے گروپوں میں ڈیزائن کر سکتے ہیں۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تا کہ وہ اپنے ڈیزائن میں پائیدار تعمیراتی طریقوں کو شامل کر سکیں۔
انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی خصوصی کمیٹی سرفہرست 10 ڈیزائنوں کا انتخاب کرے گی جو علاقے کے ثقافتی ورثے کی بہترین عکاسی کر رہے ہوں گے۔
آخر میں ان منتخب ڈیزائنز کا سرکاری اور نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل جیوری کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا۔

الدرعیہ کو عالمی سیاحتی مقام کی حیثیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

کمیٹی تین بہترین شرکا کا انتخاب کرے گی اور منتخب نوجوانوں کو ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ان مقابلوں کا انعقاد کر رہی ہے جس سے الدرعیہ کے علاقے کو عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔
 

شیئر: