Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ٹیکس دیے بغیر 8 ماہ تک موبائل فون استعمال کرنے کی سہولت

پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کا اجرا کر دیا ہے۔
اس نئے سسٹم کے تحت اب سمندر پار پاکستانی ملک میں آکر مجموعی طور پر 240 دن (آٹھ ماہ) تک ٹیکس دیے بغیر موبائل فون استعمال کر سکیں گے اور یہ خودکار نظام ان کے آئی ایم ای آئی کو بلاک ہونے سے بچائے گا۔
موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کے اجراء کی تقریب منگل کو اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔
اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے اسے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت قرار دیا اور کہا کہ ’اس سسٹم میں تین ماہ سے زیادہ توسیع کی سہولت غیرمشروط طور پر دینی چاہیے۔ اس سہولت کو آسان بنائیں۔ اگر آپ توسیع کے لیے کوئی شرط لگائیں گے مسائل پیدا ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جہاں تک موبائل فونز پر ٹیکس کی بات ہے تو اس پر سوچ بچار ہونی چاہیے۔‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ ’اوورسیز پاکستانی جو سِم والا موبائل فون لے کر آئیں گے، انہیں پاکستان میں 240 دن (آٹھ ماہ) تک کوئی ٹیکس دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس سے پہلے جو بھی اوورسیز پاکستانی، غیرملکی سیاح یا کاروباری افراد آتے تھے، انہیں 120 دن میں ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا لیکن اب وہ اس مدت کو مزید 120 دن تک بڑھا سکتے ہیں۔‘
’وہ اپنا ویزا اور موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر اس سسٹم پر آن لائن اپ لوڈ کریں گے تو انہیں 120 دن کی توسیع مل جائے گی۔‘
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ ’اس میں ہم نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ کاروباری کمیونٹی کا کوئی فرد اگر واپس جانے کے دو ماہ بعد پھر پاکستان آتا ہے تو اسے دوبارہ یہی سہولت مل سکے گی۔‘

شیئر: