Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پانچ منٹ میں بیٹری فُل‘، نئی ٹیکنالوجی سے لیس موبائل فونز کی لانچ کب؟

ریڈمی کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دو منٹ 11 سکینڈ میں آدھی بیٹری بھر جاتی ہے (فوٹو: ریڈمی)
چینی کمپنی شیاؤمی کے ذیلی ادارے ریڈمی نے موبائل فون کی بیٹری کی تیز ترین چارجنگ کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ایک ایسی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں موبائل کی مکمل خالی بیٹری کو 100 فیصد تک بھر سکتی ہے۔
سیدتی کی رپورٹ میں چینی سوشل نیٹ ورک ویبو پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس میں ریڈمی نے اپنے آنے والے نوٹ 12 ڈسکوری کے ترمیم شدہ ایڈیشن کو چارج ہوتے ہوئے دکھایا ہے جس کی بیٹری 4300 ملی ایمپیئر کے بجائے 1400 ایم اے ایچ ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صرف دو منٹ اور 11 سکینڈ میں ہی چارجر بیٹری کو 50 فیصد تک بھرنے میں کامیاب رہا جبکہ اگلے تقریباً دو منٹ میں پوری بیٹری بھر گئی جو کہ ایک ریکارڈ چارجنگ سپیڈ ہے اور دنیا میں بیٹری چارجنگ کے لیے سامنے آنے والی تیز ترین رفتار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریڈمی نے اس ٹیکنالوجی کی بدولت اپنی ہی کمپن کے نوٹ 12 ڈسکوری اور نوٹ 12 ڈسکوری ایڈیشن کے اصل ورژنز کو شکست دی ہے کیونکہ وہ 240 واٹ کی طاقت کے ساتھ نو منٹ میں پوری بیٹری بھرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے۔

توقع ہے کہ نئی ٹیکنالوجی ریڈمی کے اسی سال آنے والے موبائل فونز میں استعمال کی جائے گی (فوٹو: ریڈمی)

اس ٹیکنالوجی نے دوسری چینی کمپنیوں کو بھی بیٹری چارجنگ کی سپیڈ کے حوالے سے شکست دی ہے جن میں ریئلمے جی ٹی تھری بھی شامل ہے جس کی جان سے سی روز اعلان کیا گیا تھا کہ اس نے ایسی ٹیکنالوجی بنائی ہے جس کی بدولت موبائل 10 منٹ سے بھی کم وقت میں پورا چارج ہو گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ نئی ٹیکنالوجی ریڈمی کے آنے والے موبائل فونز میں دیکھنے کو ملے گی جو سال کے دوسرے نصف حصے میں لانچ ہوں گے۔
تیز چارجنگ ٹیکنالوجی میں چارجر سے موبائل تک جانے والے توانائی کو بڑھاتی ہے۔ عام اور روایتی چارجرز کم آؤٹ پٹ وولٹیج اور کرنٹ فراہم کرتے ہیں جس کی وجہ سے بیٹری کو مکمل چارج ہونے میں کئی گھنٹے لگتے ہیں۔
دوسری جانب تیز رفتار چارجنگ ٹیکنالوجی زیادہ وولٹیج اور کرنٹ آؤٹ پٹ فراہم کرتی ہے جس سے بیٹری تیزی سے چارج ہوتی ہے۔

ریڈمی شیاؤمی کا ایک ذیلی برانڈ ہے (فوٹو: شیاؤمی)

اس ٹیکنالوجی کی اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ ضرورت کے مطابق چارجر کے وولٹیج اور آؤٹ پٹ کو باہم ایڈجسٹ کر کے کام کرتی ہے اور اس میں بیٹری کے گرم ہونے یا کوئی اور نقصان ہونے کا امکان بھی نہیں ہوتا۔
اس میں اوور وولٹیج اور کرنٹ پروٹیکشن اور ٹمپریچر کو کنٹرول کرنے جیسے فیچرز بھی شامل ہیں۔
مختلف قسم کے فونز میں مختلف قسم کی چارجنگ ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے جس میں کوالکم کویئک، ون پلس وارپ چارج، ہواوے سپر چارج اور دیگر شامل ہیں تاہم یہ سب ایک ہی اصول پر کام کرتے ہیں۔
شیاؤمی چین کی ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جس کے فون دنیا بھر میں بہت بڑی سیل رکھتے ہیں اس کے حال میں ریلیز ہونے والے بجٹ فون ریڈمی نوٹ 12، نوٹ 12 پرو اور نوٹ 12 پلس بھی صارفین کی جانب سے خاصے پسند کیے گئے جبکہ جن ممالک میں یہ ابھی تک ریلیز نہیں ہوئے وہاں ان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شیئر: