پشاور: ایف سی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکہ، 8 افراد زخمی
منگل 18 جولائی 2023 15:13
پاکستان کے صوبہ خبیر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق یہ دھماکہ منگل کی شام حیات آباد فیز 6 میں ہوا۔
’اس دھماکے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘
پاکستان کے مقامی میڈیا نے ایس پی کینٹ وقاص رفیق کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ’یہ خودکش دھماکہ تھا۔‘
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت نازک ہے۔
ایس پی کنیٹ وقاص رفیق نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’خودکش حملہ وار نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور گاڑی سے ٹکرانے کے بعد خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور وہاں سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔‘
’اس وقت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کہ حملے میں کنتا بارودی مواد استعمال ہوا۔ ایف سی کی گاڑی فیز 6 میں واقع ایف سی ہیڈ کوارٹرز سے جا رہی تھی کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔‘