Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے سنیما میں بھی کرسٹوفر نولان کی فلم کی ایڈوانس بکنگ

فلم اوپن ہائیمر کے لیے انڈیا میں بھی بکنگ زور و شور سے جاری ہے (فوٹو: آئی ایم بی ڈی)
معروف برطانوی نژاد امریکی فلم ہدایت ٖکار کرسٹوفر نولان کی آنے والی فلم ’اوپن ہائیمر‘ کے لیے جہاں دنیا بھر کے فلم بین شدت سے منتظر ہیں وہیں پاکستان میں بھی اس فلم کے لیے گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے۔
اوپن ہائیمر کے لیے دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ایڈوانس بکنگ کی جا رہی ہے اور دارالحکومت اسلام آباد میں بھی واقع ’سنیپلیکس سنیما‘ میں اس فلم کے ایڈوانس ٹکٹ تیزی سے فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں منگل کے روز اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سنیپلیکس سنیما کے نمائندے نے بتایا کہ اوپن ہائیمر کی ریلیز کے پہلے دن کے شوز کے لیے تمام ہالز کے 50 فیصد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ ایڈوانس فروخت ہونے والے ٹکٹوں کی تعداد 450 کے قریب بنتی ہے۔
اوپن ہائیمر کی ریلیز میں ابھی چند دن باقی ہیں جس کے بعد یہ امید کی جا سکتی ہے کہ کرسٹوفر نولان کی فلم پاکستان میں بھی بڑی اوپننگ کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
اسی طرح اوپن ہائیمر کے لیے انڈیا میں بھی بکنگ زور و شور سے جاری ہے۔
پیر کے روز ویب سائٹ ’پنک وِلا‘ کے صحافی ہمیش منکڈ نے خبر دی کہ اوپن ہائیمر کے لیے انڈیا کے تین بڑے سنیما گھروں میں 90 ہزار سے زائد ایڈوانس ٹکٹ بک ہو چکے ہیں جس کے بعد جمعے کے روز اس فلم کی بڑی اوپننگ متوقع ہے۔
دوسری جانب جاپان میں اس فلم کے ریلیز ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
فلم کی ریلیز سے پہلے سوشل میڈیا پر خبریں گردش رہی تھیں کہ اوپن ہائیمر کی ریلیز پر جاپان میں پابندی لگا دی گئی، تاہم ویب سائٹ یاہو نیوز یوکے کے مطابق ’فلم (پروڈیوسرز) کی جانب سے جاپان میں ریلیز کو موخر نہیں کیا گیا، لیکن یہ بات درست ہے کہ جاپان میں اوپن ہائیمر کی ریلیز کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ فلم دنیا بھر میں 21 جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے اور اگر اسے جاپان میں ریلیز کیا بھی گیا تو کچھ عرصے بعد ریلیز کیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ جاپان میں اس فلم کو ریلیز نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ فلم ایٹم بم کے موجد جے روبرٹ اوپن ہائیمر کے حالات زندگی پر مبنی ہے۔ جب دوسری جنگ عظیم میں امریکہ نے جاپان کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرائے تھے تو وہ دونوں بم جے روبرٹ اوپن ہائیمر اور اُن کی ٹیم کے بنائے ہوئے تھے۔
واضح رہے اوپن ہائیمر کی ویتنام میں ریلیز پر چین، ویتنام اور فلپائن کے سیاسی تنازعے کے باعث پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اگر اوپن ہائیمر فلم کی بات کی جائے تو اِس کی مرکزی کاسٹ میں آئرش اداکار کیلین مرفی، ایمیلی بلنٹ، میٹ ڈیمن، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، جیک کوئڈ اور فلورینس پَج شامل ہیں۔

شیئر: