Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی گال میں ایک برس بعد کامیابی، ’ویل ڈن بوائز گال اب ہمارا قلعہ ہے‘

پاکستان نے 2015 سے لے کر اب تک گال میں 4 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دی ہے۔
جمعرات کو میچ کے آخری روز پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر جیت کے لیے مطلوبہ 131 رنز کا ہدف پہلے سیشن میں ہی حاصل کر لیا تھا۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے گرین شرٹس کو گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچز میں پورے ایک برس بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان نے گزشتہ برس 20 جون کو گال ہی میں سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان کی جیت کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
پاکستان نے 2015 سے لے کر اب تک گال میں 4 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے 3 میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی۔
اسی سلسلے میں ٹوئٹر صارف حسن چیمہ نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’ویل ڈن بوائز، گال اب ہمارا قلعہ ہے۔‘
پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گال میں شاندار جیت۔ سعود شکیل کی طرح بہت ہی کم کھلاڑی سپن بولنگ کے سامنے ایسے بیٹنگ کر سکتے ہیں اور پاکستان نے کئی برسوں سے اتنی اچھی فیلڈنگ نہیں کی۔‘
صارف بلال احمد نے سعود شکیل کی گال ٹیسٹ میں شاندار اننگز پر ایک مزاحیہ میم شیئر کی جس میں سابق وزیراعظم عمران خان یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ’میں ہر روز زیادہ خطرناک ہو رہا ہوں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’2022 سے 2023 ایک اور سال، گال میں ایک اور شاندار جیت۔‘
ٹوئٹر ہینڈل کیوٹی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گال سری لنکا کا قلعہ ہے اور پاکستان کو گال میں تین مرتبہ جیت حاصل ہوئی ہے اور اِن میں دو مرتبہ فتح بابر اعظم کی کپتانی میں حاصل ہوئی۔‘
جمعرات کو ہونے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے سعود شکیل کی پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست ڈبل سینچری نمایاں رہی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں۔
اتوار کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکا نے دھننجایا ڈی سلوا کے 122 رنز کے بدولت پہلی اننگز میں 312 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں ابتدائی بلے بازوں کی خراب کارکردگی کے بعد سعود شکیل کی ڈبل سینچری کی بدولت 471 رنز بنائے اور سری لنکا پر سبقت حاصل کی۔
سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
گال ٹیسٹ میں پاکستانی سپنر ابرار احمد نے چھ جبکہ شاہین آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ، آغا سلمان اور نعمان علی کے حصے میں تین، تین وکٹیں آئیں۔ دو میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

شیئر: