اماراتی فضائی کمپنیوں کے سستے سیاحتی پیکیج کن ممالک کے لیے؟
جمعہ 21 جولائی 2023 19:02
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 1800 درہم کا پیکیج ہے( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے لیے سپیشل آفرز دی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق سیاحتی پیکیج 1700 درہم سے شروع کیے گئے ہیں۔ اس میں فضائی ٹکٹ اور ہوٹل میں رہائش شامل ہے۔
سیاحتی پیکیجز کی شروعات موسم گرما سے ستمبر کے آغاز تک جاری رہیں گی۔
ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ حالیہ سیاحتی پیکیجز کا مقصد لوگوں کو سیاحت کی جانب راغب کرنا ہے۔
اوسط پیکیجز عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران دیے جانے والے پیکیجز کے مقابلے میں چالیس فیصد تک سستے ہیں۔
بہتر پیکیج کے لیے سفری تاریخوں کے انتخاب میں لچک اور بکنگ سے قبل کارروائی کرانا ہوگی اور تمام شرائط کے بارے میں اچھی طرح سے سمجھنا ہوگا۔
امارات کی قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے کہا ہے کہ آرمینیا کے دارالحکومت کے لیے فی کس پیکیج 1700 درہم ہے۔ اس میں ٹکٹ اور ہوٹل میں تین رات کا قیام شامل ہے۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 1800 درہم اور جارجیا کے دارالحکومت کے لیے 1900 درہم کا پیکیج ہے۔
کرغیزستان کے دارالحکومت کے لیے 2 ہزار درہم کا پیکیج ہے جس میں وہاں تین رات ہوٹل کا قیام شامل ہے۔
کولمبو کے لیے 2700 درہم کا پیکیج رکھا گیا ہے جبکہ زنجبار کے لیے کم سے کم پیکیج 3900 درہم کا ہے۔ سرائیو کے لیے 4500 اور مالدیپ کے 5 ہزار درہم کا پیکیج دستیاب ہے۔
بیشتر رعایتی پیکیجز سیشلز، ماریشسس، مالدیپ اور زنجبار جیسے جزائر کے لیے ہیں۔