امارات میں فضائی ٹکٹ سستے، خصوصی پیشکشوں کا اعلان
رعایتی ٹکٹوں کی ابتدا ایک ہزار 100 درہم سے کی گئی ہے( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے علاقائی و بین الاقوامی پروازوں کے لیے خصوصی پیشکشوں کا اعلان کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے نومبر کے آخر تک بین الاقوامی پروازوں کے لیے جو رعایتی ٹکٹ جاری کیے ہیں ان کی ابتدا ایک ہزار 100 درہم سے کی گئی ہے۔ مخصوص ملکوں کے لیے رعایتی پیشکشیں کی جارہی ہیں۔
ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ’ ان دنوں فضائی ٹکٹ 30 تا 40 فیصد سستے ہیں۔ اس کا موازنہ موسم گرما کے ٹکٹوں کی قیمتوں سے کیا جارہا ہے‘۔
فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ رعایتی پیشکش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکتوبر کے آخر تک بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔ نومبر کے آخر سے سفر کیا جاسکتا ہے۔
الریس کمپنی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین محمد الریس نے کہا کہ’ فضائی ٹکٹ نمایاں حد تک سستے ہوئے ہیں۔ مشرقی و مغربی یورپ کے علاوہ جنوبی ایشیا کے ممالک کے لیے فضائی ٹکٹ سستے ہوئے ہیں۔ اکتوبر اور نومبر کے دوران ٹکٹ سستے ملیں گے جبکہ دسمبر سے ٹکٹ مہنگے ہونے لگیں گے‘۔
العابدی ٹورسٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین سعید العابدی نے کہا کہ’ سال کے اس دورانیے کے حوالے سے فضائی ٹکٹ اوسطا مہنگے ہیں البتہ موسم گرما کے لحاظ سے دیکھا جائے تو قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے‘۔