شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، چترال میں سیلاب سے تباہی
ہفتہ 22 جولائی 2023 14:33
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں 22 سے 26 جولائی تک ممکنہ بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔
سنیچر کو این ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔
بیان کے مطابق 22 اور 23 جولائی کو ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے 22 سے 24 جولائی کے دوران کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ لوئر اور اپر چترال میں متعدد گھر اور رابطہ پل پانی میں بہہ گئے۔ میراگرام، کوغذی، کاری اور وادی کیلاش میں علاقہ مکینوں نے گھر خالی کر دیے ہیں۔
دریائے چترال بپھر جانے کی وجہ سے اپر چترال کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کی جانب ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال علی محمد کے مطابق سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ چترال کی اہم شاہراہیں سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔ کچھ مقامات پر بند راستے کھول دیے گئے ہیں۔
لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے بارش میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال اور نکاسی آب کا جائزہ لیا اور انتظامیہ اور واسا حکام کو نکاسی آب کا کام جلد مکمل کرنے کے لیے ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلٰی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے خود فیلڈ میں رہیں۔
عوام حفاظتی تدابیر اختیار کریں: این ڈی ایم اے
این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں جبکہ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کاشتکاری کریں۔
سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ محتاط رہیں تاکہ موسم برسات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ آندھی، گرج چمک ڈھیلے ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ لہذا محتاط رہیں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ آندھی طوفان/موسلا دھار بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔