ثاقب نثار نے باقی لوگوں سے مل کر نواز شریف کو نااہل کروایا: وزیراعظم
اتوار 23 جولائی 2023 15:27
شہباز شریف نے کہا کہ ’گذشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ توڑ کر ہماری حکومت پر بوجھ ڈالا۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ’ثاقب نثار سازشی ٹولے کے سرغنہ تھے جنہوں نے باقی لوگوں سے مل کر نواز شریف کو بے بنیاد کیس میں نااہل کروایا۔‘
اتوار کو فیصل آباد میں ستیانہ بائی پاس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’2018 سے پہلے ہماری معیشت راکٹ کی طرح اوپر جا رہی تھی اور نواز شریف کو بے بنیاد الزامات میں دھکیلا گیا۔ ترقی کا سفر ختم کر دیا گیا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’پچھلی حکومت چار سال تک معاشرے میں زہر گھولتی رہی۔ بے ڈھنگے الزامات لگاتی رہی۔ 2018 میں بہروپیے کامیاب کروائے گئے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ’وہ شخص کہتا تھا کہ مر جاؤں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اور پھر وہ آئی ایم ایف کے پاس گیا اور معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ آپ سب نے دیکھا۔‘
’گذشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ توڑ کر ہماری حکومت پر بوجھ ڈالا۔ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا۔ اب ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی نشان نہیں ہے۔‘
بجلی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ ا’یک سو سے دو سو یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ جو زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں ان کے لیے ہمیں آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنی پڑی۔‘