گلگت بلتستان کے علاقے سسی ہراموش میں سیاحوں کی گاڑی دریائے سندھ میں گِرنے سے چھ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
پیر کو شاہراہ بلتستان پر سسی کے مقام پر دریائے سندھ میں سیاحوں کی گاڑی گِرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ٹورسٹ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گاڑی میں سوار چھ سیاح لاپتہ ہیں جبکہ ایک کی لاش نکال لی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، چترال میں سیلاب سے تباہیNode ID: 781671
-
مون سون: کئی شہروں میں سیلابی صورتحال، چترال میں ایمرجنسی نافذNode ID: 781851
پانی کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں قدرتی آفات پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسم کی تازہ ترین صورتحال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں پانی کا بہاؤ قدرے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیر کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ٹویٹ میں کہا کہ دریائے کابل میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے جس میں تیزی آ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ باقی دریاؤں میں پانی کا اخراج معمول کے مطابق ہے۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے کی صورتحال دیتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب، راوی اور جہلم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم عمران قریشی نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ سنیچر اور اتوار کی شب ملک کے اکثر بالائی علاقوں کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث زمینی کٹاؤ اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں 9 افراد ہلاک ہوئے۔
لاہور میں شدید بارش کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں پانی داخل ہو جانے کے ساتھ کینال روڈ پر گہرے شگاف بھی پڑ گئے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں بارشوں کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے حادثات کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔
تیز بارشوں سے متاثرہ اپر اور لوئر چترال میں آئندہ ماہ 15 اگست تک ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن اپڈیٹ:
دریائے سندھ کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بارشوں کیوجہ سے پانی کا بہاؤ قدرے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی طرح، دریائے کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے جس میں تیزی آ سکتی ہے. جبکہ باقی دریاؤں میں پانی کا اخراج معمول کے مطابق ہے. pic.twitter.com/zhhNeLW63S
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) July 24, 2023