Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن کریم کی بے حرمتی، سعودی عرب کا ڈنمارک کی ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج

حالیہ واقعات کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے جمعے کو ریاض میں ڈنمارک کی ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاجی نوٹ حوالے کیا اور اُن کی حکومت سے ’توہین آمیز اقدامات روکنے‘ کا مطالبہ کیا جو تمام مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان کے ذریعے مملکت کی جانب سے ان اقدامات کو قطعی طور پر مسترد کیا جو بین المذاہب نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’ڈنمارک میں ایک شدت پسند تنظیم نے قرآن کریم کے نسخے کو نذر آتش کیا اور کوپن ہیگن میں عراق کے سفارت خانے کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسل پرستی کے نعرے لگائے۔‘
قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک نے سویڈن اور ڈنمارک کے سفارتکاروں کو طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔
اسلامی سربراہ کانفرنس کے قائد کی حیثیت سے سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کریم کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے مسلم وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 بروز پیر طلب کر لیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عرب وزرائے خارجہ کا 18 واں ہنگامی اجلاس او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں دو جولائی 2023 کو منعقدہ ہنگامی اجلاس کے بیان پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔
دو جولائی کو جدہ میں منعقدہ اجلاس میں بوقت ضرورت اعلٰی سطح کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی گئی تھی۔

شیئر: