کترینہ کیف، ایشوریہ رائے، کرینہ کپور اور عالیہ بھٹ بھی ’باربی‘ بن گئیں
اتوار 30 جولائی 2023 6:28
فلم ’باربی‘ ہر کسی کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ (فائل فوٹو: وارنر بردرز)
ہالی وُڈ کی نئی فلم ’باربی‘ کی دنیا بھر میں نمائش جاری ہے۔ اس فلم کی وجہ سے انٹرنیٹ پر گلابی رنگ میں رنگے مخلتف رُوپ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق مارگوٹ روبی کی فلم کو کسی نے پسند کیا ہے تو کسی نے ناپسند کیا ہے، کسی نے اسے ’فیمینسٹ‘ فلم قرار دیا ہے۔
کسی نے اسے مَردوں کے مخالف فلم کہا ہے، تاہم باربی ہر کسی کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
دنیا بھر میں جب باربی فلم کی سکریننگ کی گئی تو سنیما گھروں کے باہر سلیبریٹیز سے لے کر عام فلم بینوں تک گلابی رنگ میں رنگے لوگ نظر آئے جنہوں نے فلم کو خوب انجوائے کیا۔
اسی سلسلے میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے بالی وُڈ کی اداکاراؤں کو باربی کا رُوپ دیا گیا ہے جسے انٹرنیٹ پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیڈی گرافکس کے نام سے ایک اکاؤںٹ نے بالی وُڈ اداکاراؤں کو باربی کا رُوپ دیتے ہوئے پوچھا کہ ’اگر باربی بالی وُڈ میں بنائی جاتی تو کیسی ہوتی؟
اس ویڈیو میں سب سے پہلے ہمیں مارگوٹ روبی نظر آتی ہیں۔ اُن کے بعد اچانک سے کترینہ کیف سنہرے بالوں اور گلابی لباس میں باربی بن کر سامنے آجاتی ہیں۔
کترینہ کیف کے بعد عالیہ بھٹ کو باربی بنایا جاتا ہے جو باربی کے رُوپ میں خوب جچتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
عالیہ بھٹ کے بعد باربی ورلڈ میں ایشوریہ رائے انٹری کرتی ہیں جو سر پر ہیٹ پہنے باتیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ایشوریہ رائے کے بعد اداکارہ رشمیکا مندنا کو باربی کی کار میں سوار ہوتا دکھایا جاتا ہے جو کہ کار میں سوار ہو کر خوشی سے جھومتی نظر آتی ہیں۔
ویڈیو کے آخر میں بالی وُڈ بیبو گرل کترینہ کیف آتی ہیں جو کہ باربی بن کر ہنستی ہوئی اور ڈانس کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ باربی کی مرکزی کاسٹ میں مارگوٹ روبی، ریان گاسلینگ، گریٹا گیروِگ، وِل فیرل، ایما میک کے اور سِیمو لِیو شامل ہیں۔
باربی کی ہدایت کاری گریٹار گیروِگ نے کی ہے۔
اس فلم کی کہانی ’باربی ورلڈ‘ میں رہنے والی باربی (مارگوٹ روبی) اور کین (ریان گاسلینگ) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے باربی ورلڈ سے باہر کی دنیا میں آتے ہیں اور پھر انسانوں کے درمیان خوشیوں اور خطرات کو ڈھونڈتے ہیں۔