’میرے پاس تم ہو‘ انڈین انٹرٹینمنٹ چینل پر نشر ہو گا
’میرے پاس تم ہو‘ انڈین انٹرٹینمنٹ چینل پر نشر ہو گا
ہفتہ 22 جولائی 2023 16:37
قیصر کامران۔ کراچی
’میرے پاس تم ہو‘ جلد انڈین انٹرٹینمنٹ چینل ’زندگی‘ پر نشر کیا جائے گا (فائل فوٹو: ہمایوں سعید ٹوئٹر)
سال 2019 میں دیگر پاکستانی ڈراموں کے درمیان جب ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نشر ہوا تو اس نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔
یہ سلسلہ اتنا بڑھا کہ پہلی مرتبہ کسی ڈرامے کی آخری قسط کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جمعہ کے روز انڈین ٹی وی ’زی ٹی وی‘ کے چینل زندگی کی جانب سے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ مقبول ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اب جلد انڈین ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
خلیل الرحمان قمر کے تحریر کردہ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، حرا مانی اور عدنان صدیقی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
ڈرامے میں شہوار کا کردار ادا کرنے والے عدنان صدیقی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کی۔
ان کا ازراہ مذاق کا کہنا تھا کہ اگر مجھے علم ہوتا کہ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اتنا زیادہ کامیاب ہوگا تو وہ اس کا زیادہ معاوضہ طلب کرتا۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ڈرامہ اتنا زیادہ ہٹ ہو جائے گا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس کا سارا کریڈٹ ہدایت کار ندیم بیگ اور ہمایوں سعید کو جاتا ہے۔
ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا تھا، تاہم ڈرامے میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید نے جمعہ کو انڈین نیوز ایجنسی سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی کئی ہدایت کاروں کو دکھائی تو انہوں نے دانش کے کردار کو بہت بورنگ قرار دیا۔‘
’لیکن ناجانے کیوں مجھے یہ ڈرامہ پسند آرہا تھا اور میرا دل کہہ رہا تھا کہ اس میں کچھ خاص ہے۔‘
اس موقع پر ہمایوں سعید نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے پاکستانیوں اور انڈینز کو ایک دوسرے کے ملک میں سفر کرنے کے لیے ویزا نہیں ملتا۔
’یہ تقریباً ناممکن ہوگیا ہے کہ دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرسکیں، یہ درست نہیں ہے کیونکہ محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ہمارے سیاست دانوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے۔‘
ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک کے عوام کا لہجہ اور زبان ایک جیسی ہے اور دونوں کے رشتہ دار ایک دوسرے کے ملک میں رہتے ہیں اس لیے ان کے آنے جانے کی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ان کے والد انڈیا جا کر اپنی جائے پیدائش دیکھنا چاہتے تھے لیکن ان کی خواہش پوری نہ ہوسکی اور وہ انتقال کرگئے۔‘ پاک انڈیا فنکاروں کا ملاپ
پاکستانی اداکارہ عینی جعفری شوبز انڈسٹری سے تقریباً 4 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر سکرین پر مداحوں کے دل جیتنے آرہی ہیں لیکن اس بار وہ کسی پاکستانی ڈرامے یا فلم میں نہیں بلکہ بالی وڈ فلم میں نظر آئیں گی۔
عینی جعفری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ بالی وڈ فلم ساز صارم مومن کی ہدایت کاری اور تحریر کردہ فلم ’کوک‘ میں کام کر رہی ہیں۔
عینی جعفری اس سے پاکستانی فلم ’بالو ماہی‘ میں بھی کام کرچکی ہیں، تاہم اب وہ شکتی کپور کے بیٹے سدھارتھ کپور کے ساتھ بالی وڈ میں ڈیبیو کریں گی۔
دوسری جانب پاکستانی اداکار علی خان بھی بالی وڈ کی معروف اداکارہ کاجول کے ساتھ انڈین ویب سیریز ’دی ٹرائل‘میں نظر آرہے ہیں تاہم جہاں انہیں سراہا جارہا ہے وہیں انہیں تنقید کا بھی سامنا ہے۔
کاجول کے ساتھ علی خان کے بولڈ سین نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے، نہ صرف پاکستان بلکہ خود انڈیا میں بھی کاجول پر تنقید کی جارہی ہے۔
گذشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران کاجول نے ایسا سین کبھی ریکارڈ نہیں کرایا۔
ویب سیریز دی ٹرائل امریکی سیریز دی گُڈ وائف‘ کا آفیشل ریمیک ہے جسے کاجول کے شوہر اداکار اجے دیوگن نے پروڈیوس کیا ہے۔
ویب سیریز کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے علی خان نے بتایا تھا کہ ’وہ نئی آنے والی ویب سیریز میں کاجول کے بوائے فرینڈ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
بولڈ سین کے حوالے سے انہوں نے پہلے ہی بتایا تھا کہ ’اس سیریز میں کاجول کے ساتھ ایک بولڈ سین بھی تھا جسے ہم دونوں نے کافی پیشہ ورانہ انداز سے فلمایا۔‘
’جب کسی کام کو پیشہ ورانہ طور پر کیا جائے تو کسی بھی قسم کا سین کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی۔‘
علی خان اس سے قبل شاہ رخ کے ساتھ فلم ڈان 2 میں کام کرنے علاوہ ہالی وڈ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
سال 2016 کے بعد سے اگرچہ پاکستان اور انڈیا کے فنکار ایک ساتھ کام نہیں کر رہے لیکن وقتاً فوقتاً دونوں ملکوں کے فنکار سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں انڈین اداکار ایمی ورک نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے سینیئر اداکار نعمان اعجاز کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ نعمان اعجاز عظیم اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ پاکستانی اور انڈین ماؤں کی ایک جیسی خواہش
پاکستان اور انڈیا میں بیشتر فنکاروں کے بچوں نے اپنے والدین کی طرح انڈسٹری میں انٹری دی لیکن کچھ کامیاب ہوئے تو کچھ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا یا یوں کہیں ناکام ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہی ہے۔
دونوں ممالک میں اقربا پروری (نیپوٹیزم) تک کی صدائیں بلند ہوئیں۔ بالی وڈ میں ابھیشیک بچن سے لے کر رتیک روشن ہوں یا عالیہ بھٹ ہی کیوں نہ ہوں، ان سب کو کبھی نہ کبھی نیپوٹزم کا طعنہ دیا گیا شاید یہی وجہ ہے کہ اب فنکار اپنے بچوں کی شوبز انڈسٹری سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔
گذشتہ دنوں اپنی فلم کی پروموشن میں مصروف بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ سے بیٹی کے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں چاہتی کہ میری بیٹی راحہ اداکاری کرے بلکہ چاہتی ہوں کہ وہ سائنس دان بنے۔‘
صرف عالیہ ہی نہیں بلکہ مارننگ شوز کی میزبانی کرنے والی میزبان نادیہ خان نے اپنی بیٹی علیزے کے ساتھ ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں علیزے نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ نے انہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں آنے کی اجازت نہیں دی۔
نادیہ خان نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں ایک خاص عمر کے بعد خواتین کے لیے کوئی جگہ نہیں رہتی ہے، لہٰذا وہ اپنی بیٹی کو ایک اچھے پیشے میں دیکھنے کی خواہش مند ہیں۔ ہالی وڈ فلموں کی دھوم
اگر کہا جائے کہ یہ سال 2023 ہالی وڈ کے لیے اہم ترین سال ہے تو یہ غلط نہ ہوگا کیونکہ اس سال ہالی وڈ کی کئی ایسی فلمیں ریلیز ہوئیں یا ہونے والی ہیں جس کا مداحوں کو کئی برسوں سے انتظار تھا۔
جہاں ’فاسٹ ایکس‘ اور ’جان ویک‘ ریلیز ہوئیں، انڈیانا جونز سے لے کر ٹام کروز کی مشن امپوسیبل 7 بھی ریلیز ہوگئی۔
ایکشن سے بھرپور فلم ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون‘ 12 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے کے بعد 14 جولائی کو پاکستانی سنیما گھروں میں بھی پیش کردی گئی جسے پاکستانی فلمی شائقین نے خوب سراہا۔
جمعے کو ہالی وڈ کی فلم ’باربی‘ کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا لیکن پاکستان میں صورت حال کچھ مختلف ہے کیونکہ پاکستان کے دیگر شہروں میں تو فلم کی نمائش جاری ہے لیکن صوبہ پنجاب میں فلم کی ریلیز کو موخر کردیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب فلم سنسر بورڈ کے سیکریٹری فرخ محمود کے مطابق فلم کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور جہاں ضروری سمجھا جائے گا اسے سنسر کیا جائے گا۔
فلم باربی پر فلم بینوں کی نظریں یوں بھی جمی ہیں کہ یہ فلم کرسٹوفر نولان کی فلم اوپن ہائیمر کے ساتھ ریلیز ہوئی ہے۔
فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلم ایٹم بم کی ایجاد کرنے کی کہانی ہے جس کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔
کرسٹوفر نولان نے اس فلم کو دنیا کے لیے ایک انتباہ قرار دیا ہے۔
یہاں یہ بھی بتا دیں کہ سال کی ایک اور بڑی فلم ’دی مارولز‘ کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مارول سٹوڈیو کی 2019 کی مقبول فلم ’کیپٹن مارول‘ کا سیکوئل ہے اور نئی فلم میں تین سپر ویمن خواتین کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔