جنگ کوئی آپشن نہیں، انڈیا سے بات چیت کے لیے تیار ہیں: شہباز شریف
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سنجیدہ مسائل کے حل تک تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
منگل کو معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے منعقد کیے گئے ’پاکستان منرل سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کا نام لیے بغیر کہا کہ پڑوسی ملک کو سمجھنا ہو گا کہ سنجیدہ مسائل کے حل تک تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کوئی آپشن نہیں، تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں۔
تقریب میں شریک سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر خالد المدیفر نے بھی خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر کے پاکستان سے متعلق جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
امریکہ سے تعلقات کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم امریکیوں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہم امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتے ہیں جیسا کہ ماضی میں تھے۔ یہ باہمی احترام اور اعتماد پر قائم تھے۔‘
سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر خالد المدیفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی اور روزگار کے موقع پیدا کرے گا۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ برسوں سے پاکستان اور سعودی عرب شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
اس تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزرا، غیرملکی سفیر اور مندوبین نے شرکت کی۔