Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو بڑھایا جائے گا:احمد فاروق

ریاض میں پاکستان کے سفیراحمد فاروق اور سفارت خانہ کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اظہر علی داہر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی ۔
سفیرِ پاکستان احمد فاروق کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستانی اشیاء کی سعودی مارکیٹ میں ریکارڈ تجارتی سرگرمیوں کی بدولت 563 اعشاریہ 47 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ کی گئی ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ گہرے مراسم ہونے کے باوجود گزشتہ کئی دہائیوں سے تجارتی فائدہ نہیں اٹھایا گیا تاہم گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستانی اشیاء اور مصنوعات کی سعودی مارکیٹ میں کھپت کا حجم 563 اعشاریہ 47 ملین ڈالرز تک پہنچ گیا ہے جبکہ ہمارا ٹارگٹ ہے اسے سالانہ ایک ارب ڈالرز تک بڑھایا جائے جبکہ سی پیک جیسے بڑے پروجیکٹ میں سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کو فروغ دیں جس سے پاکستان کی معیشت پر بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔

'سعودی مارکیٹ میں اپنی زرعی اجناس اور مصنوعات کی کھپت کو بڑھا سکتے ہیں'

سفارت خانہ پاکستان کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اظہر علی داہر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر سے سالانہ 17 بلین ڈالرز کی غذائی اشیاء درآمد کرتا ہے پاکستان ایک زرعی ملک ہے لہٰذا سعودی مارکیٹ میں اپنی زرعی اجناس اور مصنوعات کی کھپت کو بڑھا سکتے ہیں۔  اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان سے ایکسپورٹرز سعودی عرب کی بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں اور جس طرح پاکستانی اشیاء کی یہاں مانگ بڑھ رہی ہے ہم بہت جلد ایک بلین ڈالرز سالانہ کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے جس کے لیے پاک سعودی مشترکہ بزنس کونسل اور سفارت خانہ پاکستان کا ٹریڈ مشن رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔

شیئر: