شمالی حدود ریجن میں اہلیہ کے قاتل شہری کو سزائے موت
جمعرات 10 اگست 2023 18:22
نایف الصیعری گھناؤنے جرم کا مرتکب ہوا۔ (فوٹو اخبار 24)
شمالی حدود ریجن کے حکام نے دھوکے سے اہلیہ کو قتل کرنے والے مقامی شہری کو جمعرات کو موت کی سزا دے دی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’مقامی شہری نایف بن علی الصیعری نے اپنی اہلیہ فاطمہ بنت سعید الصیعری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ واردات کے وقت اہلیہ گھر کے کام انجام دے رہی تھی۔ دھوکے سے فائرنگ کی جس سے نہ صرف یہ کہ اس کی اہلیہ بلکہ جنین بھی ہلاک ہوگیا‘۔
وزارت داخلہ نے توجہ دلائی کہ ’پولیس نے واردات کے بعد فرار ہوجانے والے مقامی شہری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا جس نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر اسے موت کی سزا سنا دی تھی‘۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں توجہ دلائی کہ ’نایف الصیعری گھناؤنے جرم کا مرتکب ہوا۔ اس نے اہلیہ کو جو شوہر کو اپنا محافظ سمجھ رہی تھی اور واردات کے وقت گھر میں موجود تھی اتنا ہی نہیں بلکہ اس وقت وہ گھریلو امور انجام دے رہی تھی دھوکے سے قتل کیا۔ واردات کے وقت نایف الصیعری کی اہلیہ حمل سے بھی تھی لہذا اسے سنگین جرم کے ارتکاب پر اسلامی قانون کے مطابق موت کی سزا کا حکم دیا جاتا ہے‘۔
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کردی تھی اور آخر میں شمالی حدود ریجن کے حکام نے ایوان شاہی سے جاری ہونے والے فرمان پر جمعرات کو عمل درآمد کردیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں