نگراں وزیر اعظم کے لیے نامزد انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟
نگراں وزیر اعظم کے لیے نامزد انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟
ہفتہ 12 اگست 2023 13:46
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سے ہے
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے لیے دیے گئے ناموں پر غور ہوا جس کے بعد سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے تاہم حالیہ دنوں میں وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قریب آگئے تھے۔ ان کی سابق وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال کے ساتھ مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خبریں بھی گرم تھیں۔
جون میں دونوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔ اس کے بعد وہ ن لیگ میں شامل ہوگئے۔
2015 میں نواب ثناء اللہ زہری کے دور میں حکومت بلوچستان کے ترجمان بنے تاہم دسمبر 2017 میں انہی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں پیش پیش رہے۔
اس کے بعد عبدالقدوس بزنجو چھ ماہ کے لیے وزیراعلٰی رہے تو ان کی کابینہ میں انوار الحق کاکڑ مشیر برائے اطلاعات رہے-
انوار الحق کاکڑ مارچ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حمایت سے آزاد حیثیت سے چھ سال کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تاہم اسی مہینے وہ مسلم لیگ ن سے منحرف ہونے والے اس گروپ کا حصہ بن گئے جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی۔
انوار الحق کاکڑ بی اے پی کے مرکزی ترجمان مقرر کیے گئے۔
تجزیہ کار جلال نورزئی کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کی تشکیل کا آئیڈیا خالصتاً انوار الحق کاکڑ کا تھا۔
جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے بعد ’باپ‘ پارٹی میں اختلافات پیدا ہوگئے تو انہوں نے صادق سنجرانی اور عبدالقدوس بزنجو کی بجائے جام کمال کا ساتھ دیا تھا۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ کافی عرصہ بیرون ملک بھی رہے۔ انہوں نے 2007 میں برطانیہ سے واپسی پر کوئٹہ سے اپنی سیاست کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنا دفتر کوئٹہ کے ایک معروف ہوٹل میں قائم کر رکھا تھا۔
نامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سے ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا تعلق پشتونوں کے معروف کاکڑ قبیلے سے ہیں انہیں مادری زبان پشتو کے علاوہ اردو، براہوی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔
آپ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے نجی اسکول سے حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ۔اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سیکورٹی ورکشاپ کا بھی حصہ رہ ہیں-
سینیٹر انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے منتخب ہونے والے دوسرے نگران وزیر اعظم ہوں گے اس سے قبل میر ہزار خان کھوسہ بھی نگران وزیر اعظم کے منصب پر رہ چکے ہیں