دبئی ایئرپورٹ اگست میں بھی دنیا بھر کے ایئرپورٹس میں سرفہرست
لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ماہ رواں اگست کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی شیڈولڈ نشستوں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کی پوزیشن برقرار رکھی۔
الامارات الیوم کے مطابق فضائی کمپنیوں اور ایئرپورٹس کا ڈیٹا جمع کرنے والے بین الاقوامی ادارے او اے جی کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں پر شیڈولڈ نشستوں کی مجموعی تعداد اگست میں 4.96 ملین سے تجاوز کر گئی۔ جولائی میں نشستوں کی تعداد 4.9 ملین تھی‘۔
او اے جی کا کہنا ہے کہ ’اگست میں بھی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس کے درمیان پہلی پوزیشن قائم رکھی ہے‘۔
او اے جی کا کہنا ہے کہ’ 4.1 ملین نشستوں سے لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ 3.45 ملین نشستوں سے ہالینڈ کے ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ نے تیسری اور 3.43 ملین نشستوں سے فرانس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی‘۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارارت میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 90 فضائی کمپنیاں دنیا کے 236 ایئرپورٹس کے لیے براہ راست پروازیں چلا رہی ہیں۔
سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 21 ملین 2 لاکھ 56 ہزار 479 مسافروں کا خیر مقدم کیا۔
2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 55.8 فیصد زیادہ مسافر دبئی پہنچے ہیں۔