سعودی امدادی ایجنسی نے صومالیہ میں ایک ہزار سکول بیگز تقسیم کیے
سعودی امدادی ایجنسی نے صومالیہ میں ایک ہزار سکول بیگز تقسیم کیے
اتوار 13 اگست 2023 19:27
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات کی صومالیہ، لبنان اور سوڈان میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات نے تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل صومالیہ کے ساحلی علاقے میں ایک ہزار سکول بیگز تقسیم کیے ہیں جن سے ایک ہزار صومالی طلبا کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے لبنان میں ایک ایمبولینس سروس سسٹم کو مالی اعانت فراہم کی جسے شمالی لبنان کے منییہ ضلع میں سوبول السلام ایسوسی ایشن کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
ایمبولینس سروس نے گذشتہ ہفتے مریضوں کی نقل و حمل، طبی امداد کی فراہمی، کار حادثات کے متاثرین کی مدد، بشمول طبی سہولتوں تک رسائی کے 100 مشن مکمل کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات نے سوڈان میں دریائے نیل ریاست میں واقع بربر قصبے میں 17 ٹن اور 800 کلوگرام فوڈ پارسلز تقسیم کیے جس سے مجموعی طور پر چار ہزار 412 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔