Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگران وزیراعلٰی سندھ کے لیے جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام کی منظوری، نوٹیفکیشن جاری

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور نگران حکومت کمیشن کی مدد کرے گی۔ (فوٹو: فیس بک)
سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اُن کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
قبل ازیں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے کہا تھا کہ ان کی اور وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کے درمیان سندھ کے نگران وزیراعلٰی کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا۔
پیر کی رات کو وزیراعلٰی سندھ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی رعنا انصار نے کہا کہ مقبول باقر کا نام اپوزیشن اور حکومت دونوں کی طرف سے تجویز کیا گیا تھا۔
رعنا انصار کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلٰی کی تقرری میں گرینڈ ڈیموکریٹک پارٹی (جی ڈی اے) سے بھی مشاورت ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کو مقبول باقر کے نام پر کوئی اعتراض نہیں تھا اور ایم کیو ایم قیادت نے بھی ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے سابق ترجمان اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ آج وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران وزیراعلٰی کے لیے مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا۔ ان کے مطابق وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر نے اس حوالے سے خطوط گورنر سندھ کو ارسال کر دیے ہیں۔ 
مرتضی وہاب کے مطابق جسٹس مقبول باقر کا نام وزیراعلٰی سندھ نے تجویز کیا تھا۔ ’مختلف ناموں پر غور کرنے کے بعد جسٹس صاحب کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔ اور ان کی قابلیت، صلاحیت، عیرجانبداری اور کردار شک و شبہے سے بالاتر ہے۔‘
دریں اثنا جسٹس (ر) مقبول باقر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’موجودہ نامساعد حالات میں نگران وزارت اعلٰی کی ذمہ داری بہت اہم ہے۔ ہم آئین اور قانون کی بالادستی کی کوشش کریں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور نگران حکومت کمیشن کی مدد کرے گی۔
خیال رہے پاکستان میں قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد نگران حکومتوں کے قیام کا عمل جاری ہے۔ 
مرکز میں انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیراعظم کے طور پر پیر کو حلف آٹھا لیا اور کل تک ان کی جانب سے نگران کابینہ کا اعلان متوقع ہے۔ 
تاہم بلوچستان میں ابھی تک سبکدوش ہونے والے وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان  وزرات اعلٰی کے لیے کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا ہے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر کی اسلام آباد میں ملاقات طے تھی۔ ملاقات کے بعد تاحال کوئی اعلامیہ سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی فریقین کی جانب سے وزرات اعلٰی کے لیے کوئی نام سامنے آیا ہے۔

شیئر: