نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کی سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم آفس کے افسران و عملے سے بھی ملاقات کی جس میں افسران نے ان کو اپنا تعارف کروایا۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد انوار الحق کاکڑ نے سبکدوش وزیرِ اعظم کو رخصت کیا۔
بعد ازاں نگران وزیراعظم کو ٹرائی سروسز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
گذشتہ روز انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان عوامی پارٹی کی رکنیت اور سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انوار الحق کاکڑ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’میں نگران وزیراعظم کی سونپی گئی ذمہ داری کے سبب بلوچستان عوامی پارٹی کی بینادی رکنیت اور سینیٹ کی ممبرشپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔‘
واضح رہے سنیچر کو سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے لیے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔
وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کر کے نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی تھی جس کی صدر نے فورا منظوری دے دی تھی۔
قبل ازیں شہباز شریف نے کہا تھا کہ تمام جماعتوں کی طرف سے سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف نے انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا۔
پی ایم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی۔‘
نامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سے ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا تعلق پشتونوں کے معروف کاکڑ قبیلے سے ہیں انہیں مادری زبان پشتو کے علاوہ اردو، براہوی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔
آپ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے نجی اسکول سے حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ۔اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سیکورٹی ورکشاپ کا بھی حصہ رہ ہیں-
سینیٹر انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے منتخب ہونے والے دوسرے نگران وزیر اعظم ہوں گے اس سے قبل میر ہزار خان کھوسہ بھی نگران وزیر اعظم کے منصب پر رہ چکے ہیں