الخرج کے نخلستان میں سالانہ 90.4 ملین کلو گرام کھجوروں کی پیداوار
نخلستانوں کی سالانہ پیداوار سے 723 ملین ریال کی آمدنی ہورہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کھجوروں کے قومی مرکز نے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’الخرج کمشنری کے نخلستان مارکیٹ کو سالانہ 90.4 ملین کلو گرام کھجوریں فراہم کررہے ہیں‘۔
الخرج میں 1189771 درخت ہیں۔ مملکت بھر میں کھجوروں کے درختوں کی تعداد 1476208 ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الخرج کے نخلستان سیزن میں 6 ہزار سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔
الخرج کے نخلستانوں کی سالانہ پیداوار سے 723 ملین ریال کی آمدنی ہورہی ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’خلاص‘ نامی کھجور الخرج کی سب سے مشہور اور دیگر تمام کھجوروں میں مقبول ترین ہے۔ اس کے بعد الصقعی، نبوت، سیف، الصفری، الشیشی، الھلالی اور البرحی کا نمبر آتا ہے اور بھی کئی قسم کی کھجوریں الخرج میں ہوتی ہیں‘۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے الخرج میں کھجور فروشوں کے لیے سینٹرل مارکیٹ میں جگہیں مقرر کردی ہیں۔
علاوہ ازیں کمشنری میں مختلف مقامات کھجوروں کے لین دین کے لیے مختص ہیں۔ عارضی دکانوں کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
وزارت کے انسپکٹرز کھجوروں کے نمونے لے کر چیک کرتے رہتے ہیں تاکہ کیڑے مار دواؤں کے باقی ماندہ اثرات کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔