Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول17 ڈیزل 20 روپے مہنگا

لائیٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نگران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی رات وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے اندر عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ’نیتجتاً پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں دروبدل کیا جارہا ہے۔‘
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 293 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ 
لائیٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ 
خیال رہے انوار الحق کاکڑ کے نگران وزیراعظم بننے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ نگران حکومت کا پہلا اہم فیصلہ ہے۔ 
اردو نیوز کے نامہ نگار بشیر چوہدری کے مطابق نگران وزیراعظم عہدہ سنبھالنے کے بعد آفس میں پہلے دن مصروف وقت گزارا۔ 
حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ نگراں وزیراعظم نے صبح سویرے ہی وزارت خزانہ کے حکام کو طلب کیا تھا اور ان سے ملک کی معیشت، آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی چیدہ چیدہ شرائط اور دیگر معاشی امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اس دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے بارے میں غور و خوض ہوا۔ 
بعد ازاں وزیراعظم نے وزارت توانائی کے حکام کو بھی طلب کیا۔ اور اگلے پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے آگاہی لی۔  
حکام نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ موجودہ معاشی صورتحال، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے اور عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ہی ملکی مفاد میں ہے۔ 

شیئر: