Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 16 نگراں وفاقی وزرا نے حلف اٹھا لیا، 3 مشیر، 4 خصوصی مشیر بھی مقرر

پاکستان میں 16 نگراں وفاقی وزرا نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے نگراں وزرا کے قلم دانوں کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
جمعرات کی شام ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر عارف علوی نے نگران وفاقی وزرا سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی موجود تھے۔
نگراں وفاقی کابینہ میں جلیل عباس جیلانی وزیر خارجہ ہوں گے۔ وہ پاکستان کی فارن سروس میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیتے رہے۔ جلیل عباس جیلانی سیکریٹری خارجہ اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
 سرفراز بگٹی نگراں وزیر داخلہ ہوں گے۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر ہیں اور بلوچستان کے وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کو اطلاعات کی وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ وہ مختلف ٹی وی چینلز کے ساتھ بطور تجزیہ کار وابستہ رہے جبکہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نگراں وزیر خزانہ ہوں گی۔ وہ سٹیٹ بینک کی گورنر رہ چکی ہیں جبکہ سنہ 2018 کی نگراں وفاقی کابینہ میں بھی شامل تھیں۔ 
احمد عرفان نگراں وزیر قانون جبکہ انیق احمد نگراں وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ہوں گے۔
نگراں وزرا میں شاہد اشرف تارڑ بھی شامل ہیں۔ اُن کو وزارت مواصلات، ریلویز، پوسٹل سروسز، جہاز رانی اور بندرگاہ کا قلم دان دیا گیا ہے۔ انہیں گذشتہ ماہ ہی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین تعینات کیا گیا۔
اس سے قبل وہ نیشنل ہائی وئی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

مشعال حسین ملک انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیراعظم کی نگراں خصوصی مشیر ہوں گی (فائل فوٹو: مشعال ملک ٹوئٹر)

محمد علی توانائی، جمال شاہ ثقافت و قومی ورثہ، سمیع سعید منصوبہ بندی جبکہ گوہر اعجاز صنعت و پیداوار کی وزارت کے نگراں وزیر ہوں گے۔
مدد علی سندھی تعلیم، قومی ہم آہنگی اور امور نوجوانان کے نگراں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
ڈاکٹر ندیم جان کو وزارت قومی صحت و خدمات کا نگراں قلم دان سونپا گیا ہے جبکہ خلیل جارج انسانی حقوق اور ترقی خواتین کے نگراں وزیر مقرر کیے گئے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تین مشیر بھی تعینات کیے ہیں جن میں ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین خان، احد چیمہ اور وقار مسعود شامل ہیں۔
ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین خان ہوابازی جبکہ احد چیمہ اسٹیبلشمنٹ سے متعلق نگراں مشیر ہوں گے، ان دونوں کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
سابق وفاقی سیکریٹری خزانہ وقار مسعود وزیراعظم کے نگراں مشیر برائے خزانہ ہوں گے، ان کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔

جلیل عباس جیلانی کو نگراں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی کابینہ میں چار خصوصی مشیر بھی شامل
وفاقی کابینہ میں چار خصوصی مشیر بھی شامل کیے گئے ہیں جن کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔
علیحدگی پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیراعظم کی نگراں خصوصی مشیر ہوں گی۔
وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) افتخار راؤ جہاز رانی، جواد سہراب ملک اوورسیز پاکستانیز جبکہ وصی شاہ سیاحت کے نگراں خصوصی مشیر ہوں گے۔

شیئر: