امریکی خاتون کی پریم کہانی، اغواکاروں کا ڈالروں میں تاوان کا مطالبہ سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان میں پڑھی جانے والی خبریں
امریکی خاتون کی پریم کہانی، اغواکاروں کا ڈالروں میں تاوان کا مطالبہ سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان میں پڑھی جانے والی خبریں
ہفتہ 19 اگست 2023 0:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں گذشتہ ہفتے ایک امریکی خاتون کی پاکستانی نوجوان سے محبت اور پاکستان آمد، انوار الحق کاکڑ کی نگراں وزیراعظم بننے، اغواکاروں کا تاوان کی رقم کا ڈالروں میں مطالبہ کرنے اور بوٹا سنگھ کی پریم کہانی سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
انڈیا کے بعد امریکی خاتون پاکستانی نوجوان کی محبت میں دیر پہنچ گئیں
سات سمندر پار امریکہ میں بسنے والی کیمبرلی ڈان وطن عزیز کے ایک نوجوان عباس سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر متعارف ہوئیں۔
دونوں اس حقیقت سے انجان تھے کہ ان میں کبھی شادی بھی ہو سکتی ہے مگر ان کی بے خبری ہی اس رشتے کی بنیاد بنی۔
دونوں میں دوستی بڑھی جو محبت میں تبدیل ہوئی اور اب یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہا ہے۔
نگراں وزیراعظم کے لیے اچانک سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا نام سامنے کیسے آیا؟
وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم نامزد کر کے سیاسی و صحافتی حلقوں کو سرپرائز دے دیا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ دو ماہ میں نگران وزیراعظم کے لیے جتنے بھی امیدواروں کے نام سامنے آئے سینٹر انوار الحق کاکڑ کا نام ان میں شامل نہیں تھا۔
سنیچر کو وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان فیصلہ کن مشاورتی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نے بلوچستان سے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو بطور نگران وزیراعظم تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
لاہور میں 13 سالہ ارسلان نسیم کیس کے حقائق کیا ہیں؟
14 اگست سے سوشل میڈیا پر کچھ صحافی اور یوٹیوبر ایک واقعے کی تفصیل شیئر کر رہے ہیں جس میں ان کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں ایک 13 سالہ بچے ارسلان نسیم کو ضمانت کے باوجود پولیس نے دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی ہے۔
گھر سے بچہ برآمد نہ ہونے پر اس کے والد کو حراست میں لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر دی جانے والی خبر کے مطابق ان کے والد محمد نسیم کو پولیس نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا اور ہارٹ اٹیک سے ان کی موت واقع ہو گئی تاہم پولیس نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارسلان کے والد کی تشدد سے ہلاکت نہیں ہوئی اور اس حوالے سے خبروں کو حقائق کے منافی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پاکستانی روپے کی بے قدری، اغواکار تاوان کی رقم ڈالر میں مانگنے لگے
پشاور میں پولیس نے ارمڑ کے علاقے سے 15 اگست کو ایک مغوی بازیاب کرایا جس کے لیے دو لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ملک میں ڈالر کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ایسے میں اغواکاروں نے بھی پاکستانی کرنسی کی بجائے ڈالر کی ڈیمانڈ شروع کر دی ہے۔
پشاور کی او پی ایف کالونی سے 5 اگست کو ایک نوجوان تفصیر علی کو اُس کے گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے اگلے روز مغوی کے گھر والوں کو کال کر کے 2 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ ہوا۔
بوٹا سنگھ کی پریم کہانی: کسی سحر انگیز داستان سے کم نہیں
جرمن زبان کے بے بدل ناول نگار اور شاعر ہرمن ہیسے نے ایسے ہی یہ نہیں کہا تھا کہ ’میں اگر محبت کے بارے میں کچھ جانتا ہوں تو اس کی وجہ محض تم ہو۔‘
پنجاب میں بھی ایک ایسی ہی کہانی لکھی گئی جس کا ذکر کرنے سے قبل امرتا پریتم کی یادگار نظم سے محض یہ شعر مستعار لے کر آگے بڑھ جائیں گے جس نے تقسیم کے دنوں میں اس دھرتی کی عورت پر روا رکھے گئے جبر کو زبان دی تھی،
اِک دھی سی روئی پنجاب دی توں لِکھ لِکھ مارے وین
آج لکھاں دھیاں روندیاں تینوں وارث شاہ نوں کہن
تقسیم پر بات ہو رہی ہو تو امرتا پریتم کی اس نظم کا یاد آنا فطری ہے کیوں کہ تقسیم کے وقت اس دھرتی کی عورت پر ہونے والی بربریت کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔