Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کا یوکرینی شہر پر میزائل حملہ، 7 ہلاک، 90 زخمی

یوکرینی وزارت داخلہ کے مطابق (میزائل) حملے میں ڈرامہ تھیٹر کی چھت تباہ ہو گئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ تاریخی شہر چرنہیو کے ایک مرکزی چوک پر روسی میزائل کے حملے میں چھ سالہ بچے سمیت سات افراد ہلاک اور 90 زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سنیچر کو حملہ اس وقت ہوا جب لوگ ایک مذہبی تہوار کی چھٹی منانے کے لیے چرچ جا رہے تھے۔ زخمیوں میں 12 بچے اور 10 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی جو سویڈن کے دورے پر ہیں، نے ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ایک روسی میزائل ہمارے چرنہیو میں شہر کے عین وسط میں گرا۔ جہاں ایک چوک، پولی ٹیکنیک یونیورسٹی اور ایک تھیٹر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’معمول کے سنیچر کو روس نے ایک درد بھرے اور قیمتی جانیں کھو دینے والے دن میں تبدیل کر دیا۔‘
زیلنسکی کی پوسٹ کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو میں علاقائی ڈرامہ تھیٹر کے سامنے ایک چوک میں بکھرا ہوا ملبہ دکھایا گیا ہے، جہاں دھماکے سے متاثرہ گاڑیاں کھڑی ہیں۔ ویڈیو میں ایک گاڑی میں ایک لاش بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
چرنہیو دارالحکومت کیئف کے شمال میں تقریباً 145 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں صدیوں پرانے گرجا گھر کثیر تعداد میں موجود ہیں۔

زخمیوں میں 12 بچے اور 10 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ (میزائل) حملے میں تھیٹر کی چھت بھی تباہ ہو گئی۔
روس نے گذشتہ برس فروری میں یوکرین پر حملے کے بعد سے ایک جنگی حکمت عملی کے طور پر محاذ سے دور شہروں پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
کیئف کی فضائیہ نے سنیچر کی صبح کہا تھا کہ یوکرین کی فوج نے رات بھر کی کارروائی میں ماسکو کی طرف سے بھیجے گئے 17 ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز میں سے 15 کو مار گرایا۔

شیئر: