Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میں کیسے شکست دی؟

یو اے ای کی جانب کپتان محمد وسیم نے 55 رنز سکور کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 کرکٹ میچ میں تاریخی اپ سیٹ شکست دے کر تین ٹی20 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
سنیچر کے روز دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں اماراتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔
 
متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا پائی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین نے 63 جبکہ چاڈ بوویز اور جیمز نیشم نے 21،21 رنز سکور کیے۔
امارات کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے آیان افضل خان نے تین جبکہ محمد جواد اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
امارات نے کیویز کی جانب سے دیا گیا ہدف بآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب کپتان محمد وسیم نے 55 جبکہ آصف خان اور وِریٹایا آراوند نے بالترتیب 48 اور 25 رنز سکور کیے۔
یہ متحدہ عرب امارات کی نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی کرکٹ میچ میں پہلی فتح تھی جبکہ حیران کُن طور پر نیوزی لینڈ کو بھی پہلی مرتبہ کسی ایسوسی ایٹ ٹیم سے شکست ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں مُفدل ووہرہ کہتے ہیں کہ ’یو اے ای نے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہ یو اے ای کرکٹ کی تاریخ کا ایک عظیم لمحہ ہے۔ کیا شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔‘
 
سیف احمد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ ہی کرکٹ کا حسن ہے۔ نیوزی لیںڈ کی چاہے کمزور ترین ٹیم تھی لیکن 143 سکور کا ہدف 15.4 اوورز میں حاصل کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ یو اے ای اس تاریخی جیت پر ہر قسم کے کریڈٹ کی حقدار ہے۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل کرکٹ پن ڈاہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ ٹیم (نیوزی لینڈ) میری کسی دن زندگی لے لے گی۔‘
 

شیئر: