Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے شکست، سیریز پاکستان کے نام

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے پلیئنگ الیون میں تین تین تبدیلیاں کیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے ہرا کر پانچ میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے 2011 کے بعد پہلی بار نیوزی لینڈ ایک روزہ میچز کی سیریز میں شکست دی ہے۔
بدھ کو کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے 288 رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 83 رنز پر گرگئی۔ وِل ینگ 33 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
ڈیرل مچل 21 رنز ہی بنا پائے تھے کہ محمد وسیم کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ ان کے بعد ٹام بلنڈل نے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہوگئے۔
مارک چیپ مین نے 13رنز بنائے اور نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ہینری نکولز ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ صرف ایک رن پر آغا سلمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان ٹام لیتھم نے 45 رنز سکور کیے، انہیں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ ایڈم ملنے نے ابھی ایک رن ہی بنایا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
ہینری شپلے بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور سات رنز کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد ِاش سوڈھی ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
آخری کھلاڑی میٹ ہینری بھی ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد وسیم نے دو، دو جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

امام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 90، کپتان بابر اعظم نے 54 اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 32 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری نے تین، ایڈم مِلنے نے دو جبکہ کول مکونچی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بدھ کے روز نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی جانب سے پلیئنگ الیون میں تین تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون میں اُسامہ میر، احسان اللہ اور حارث رؤف کی جگہ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا۔
دوسری جانب کیویز کے لیے کول مکونچی نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا جبکہ ان کے ساتھ ایڈم مِلنے اور ٹام بلنڈل کو پلیئنگ الیون میں انجرڈ جمی نیشم، چاڈ بووِس اور راچن رویندرا کی جگہ شامل کیا گیا۔
تیسرا ون ڈے میچ جیتنے کے بعد پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سیریز کے پہلے دو میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے جن میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بالترتیب پانچ اور سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: