اماراتی ہلال احمر نے شام میں ہاوسنگ پروجیکٹ مکمل کرلیا
امارات 65 ملین درہم کی مالیت سے ایک ہزار ہاوسنگ یونٹس تعمیر کرارہا ہے (فوٹو: وام)
امارات کی ہلال احمر نے شام کےعلاقے اللاذقیہ گورنریٹ میں 47 تیار شدہ یونٹ کے ہاوسنگ پروجیکٹ کو مکمل کیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسیس وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کی ہدایت کے تحت اماراتی ہلال احمر شام کے اللاذقیہ گورنریٹ میں 65 ملین درہم کی مالیت سے ایک ہزار ہاوسنگ یونٹس تعمیر کرارہا ہے۔
جو یونٹ بنائے گئے ہیں ان میں دو بیڈ روم، ایک لیونگ روم، ایک کچن اور ایک باتھ روم ہے۔ بجلی پیدا کرنے کےلیے شمسی توانائی کا استعمال کیا گیا ہے۔
اماراتی ہلال احمر کے سکریٹری جنرل حمود الجنیبی نے کہا کہ’ مقامی ترقیاتی اتھارٹی، اللاذقیہ گورنریٹ کونسل، شامی عرب ہلال احمر اور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جو ہاوسنگ یونٹس کے لیے اہل خاندانوں کا انتخاب کرے گی‘۔
اللاذقیہ کے گورنر عامر ہلال نے شام میں انسانی ہمدری کے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کا زلزلہ متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے اور ان کی زندگیوں کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد کرنے میں نمایاں اثر پڑا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اللاذقیہ نے ہاوسنگ پراجیکٹس کے لیے سات سائٹس تیار کی ہیں۔ انہیں سیوریج، بجلی، فون نیٹ ورکس اور سروسز سینٹرز سمیت بنیادی انفرا اسٹریکچر فراہم کیا ہے‘۔