مملکت میں گرمی کی شدت برقرار، مکہ ریجن میں پیر اور منگل کو بارش کا امکان
محکمہ شہری دفاع نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے (فوٹو :عکاظ)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’اتوار سے شروع ہونے والے تعلیمی سال کے پہلے ہفتے کے دوران موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ نئے تعلیمی سال کی شروعات موسم گرما کے اختتاام اور موسم خزاں کی شروعات کے عبوری مرحلے میں ہورہی ہے‘۔
موسم خزاں کی شروعات یکم ستمبر سے ہوتی ہے اور نومبر کے آخر تک خزاں کا موسم رہتا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے ’اتوار سے جمعرات تک مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر، نجران، ، جازان اور باحہ میں بارش ہوتی رہے گی۔ ریاض ریجن کے مغربی علاقے بھی بارش کی زد میں ہوں گے‘۔
الشرقیہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور قصیم ریجنوں میں شدید گرمی جاری رہے گی۔ شمالی حدود ریجن کے مشرقی علاقوں میں شدید گرمی رہے گی۔ درجہ حرارت 45 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔
مشرقی ریجن مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور جازان کے ساحلی مقامات بھی گرمی کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ شہری دفاع نے مکہ ریجن کے تین گورنریٹس میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کی پیش گوئی کے مطابق’ مکہ ریجن میں جدہ، خلیص اور رابغ میں پیر سے منگل تک بارش کا امکان ہے‘۔
محکمہ شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔