Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘، نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی ڈرامہ سیریز

یہ ڈرامہ سریز احد رضا میر کی دوسری نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ہوگی۔ اس سے قبل وہ نیٹ فلکس کے شو ’ریزیڈنٹ اِیول‘ میں کام کر چکے ہیں۔ (فوٹو: احد رضا میر انسٹاگرام)
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پہلی پاکستانی اوریجنل ڈرامہ سیریز بننے کو تیار ہے۔
امریکی میگزین ’ورائٹی‘ کے  مطابق پاکستان کے کئی نامور شوبز ستارے نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل ڈرامہ سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں نظر آنے والے ہیں۔
اس سیریز کی مرکزی کاسٹ میں سپرسٹار فواد خان، ماہرہ خان، صنم جنگ اور احد رضا میر شامل ہیں۔
صرف یہی نہیں، اس ڈرامے کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، اقراء عزیز، ہانیہ عامر، خوشال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔
 
یہ ڈرامہ سیریز 2013 میں رائٹر فرحت اشتیاق کے اُردو ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہے۔
فرحت اشتیاق کا یہ ناول 2013 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول تھا۔
اس ناول کی کہانی ہارورڈ یونیورسٹی میں لاء کی تعلیم حاصل کرنے والے طالبعلم سکندر اور لیزا نامی آرٹسٹ کے گرد گھومتی ہے جن کی ملاقات اٹلی میں ہوتی ہے۔
جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی پروڈکشن دبئی کا مشہور پروڈکشن ہاوس ’مومنہ دُرید فلمز‘ کر رہا ہے جبکہ اس سیریز کی شوٹنگ اٹلی، برطانیہ اور پاکستان میں جاری ہے۔
یہاں خیال رہے اس سیریز کو ریلیز کرنے کی تاریخ ابھی تک نہیں بتائی گئی ہے۔
یہ ڈرامہ سریز احد رضا میر کی دوسری نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ہوگی۔ اس سے قبل وہ نیٹ فلکس کے شو ’ریزیڈنٹ اِیول‘ میں کام کر چکے ہیں۔
اسی طرح فواد خان اور ماہرہ خان کا آل ٹائم بلاک بسٹر ڈرامہ ’ہم سفر‘ بھی نیٹ فلکس پر سٹریم ہو چکا ہے۔
اس ڈرامے کی خبر سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اے کے کہتے ہیں کہ ’یہ ایک دم سے کیا ہو رہا ہے، لیکن جو بھی ہو رہا ہے صحیح ہو رہا ہے، آخر کار ہو گیا۔‘
 
ریکس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے ابھی سے ہی پتا ہے کہ اِس سیریز کی سب سے بہترین بات حمزہ علی عباسی کے کیمیو ہوں گے۔‘
 
بانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بالآخر ہم بھی نیٹ فلکس کی ٹرین پر سوار ہوگئے۔‘
 
سحر بلوچ نے تبصرہ کیا کہ ’جاندار کاسٹ ہے۔ میں اِس کا خوشی خوشی انتطار کر سکتی ہوں۔‘
 

 

شیئر: