ذاتی کار نہ رکھنے والی کینیڈا کی وزیر خزانہ کو تیز رفتاری پر جرمانہ
کرسٹیا فری لینڈ سینٹرل ٹورنٹو کے حلقے سے رکن اسمبلی ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
کینیڈا کی وزیرخزانہ کرسٹیا فری لینڈ کو تیز رفتاری پر 200 ڈالر کا چالان کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کرسٹیا فری لینڈ کے پاس اپنی ذاتی کار نہیں ہے۔
ترجمان کیتھرائن کپلنکاس کے مطابق وزیر خزانہ کو ان کے آبائی صوبے البرٹا میں تیزرفتاری پر چالان کیا گیا۔
کرسٹیا فری لینڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرسٹینا فری لینڈ کو 132 کلومیٹر کی رفتار سے گاڑی چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔ یہ واقعہ گرانڈی پیری اور پیس ریور کے شہروں کے درمیان گاڑی چلانے کے دوران پیش آیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے جرمانہ پورا ادا کیا۔ تیز رفتاری پر جرمانے کی خبر سب سے پہلے کاؤنٹر سگنل نامی ویب سائٹ نے بریک کی تھی۔
کیتھرائن کپلنکاس نے یہ نہیں بتایا کہ تیزرفتاری پر جرمانے کا واقعہ کب کا ہے اور اس سڑک پر رفتار کی حد کیا ہے۔ البتہ البرٹا کے شاہراہوں پر رفتار کی حد 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
کرسٹیا فری لینڈ سینٹرل ٹورنٹو کے حلقے سے رکن اسمبلی ہیں اور اکثر سائیکل کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل ہوتی ہیں۔
گذشتہ ماہ صحافیوں سے گفتگو میں کرسٹینا فری لینڈ نے کہا تھا کہ ’اس حقیقت سے میرے والد بہت دکھی ہوتے ہیں کہ میرے پاس اپنا کار نہیں ہے۔‘
’میں پیدل چلتی ہوں، میں سب وے پر سائیکل چلاتی ہوں۔ میرے بچے پیدل چلتے ہیں اور اپنی سائیکلیں سب وے پر چلاتے ہیں۔‘