Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار بحری جہاز آئندہ برس سفر پر روانہ ہونے کو تیار

اس کُروز شپ میں کے ڈیزائن کی سب سے شاندار بات اس کے فرنٹ سیکشن پر نصب شیشے کا بڑا ڈوم ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار بحری جہاز (کُروز شِپ) آئندہ برس سفر پر جانے کو تیار ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رائل کیریبیئن کے نئے عالی شان بحری جہاز ’آئیکن آف دی سِیز‘ کی تیاری فِن لینڈ کے جنوب مغربی ساحل پر تُرکو شپ یارڈ میں اپنے آخری مراحل میں ہے۔
یہ بحری جہاز آئندہ برس جنوری میں اپنے پہلے سفر پر روانہ ہوگا۔
اس بحری جہاز کو بنانے والی کمپنی میئر تُرکو کے سی ای او ٹِم میئر کہتے ہیں کہ ’جہاں تک ہمیں علم ہے، اس وقت یہ دنیا کا سب سے بڑی کُروز شپ ہے۔‘
یہ بحری جہاز ایک جہاز سے زیادہ گاؤں لگتا ہے جس میں رنگ برنگے واٹر پارک اور 20 سے زائد ڈیک ہیں جبکہ اس پر 10 ہزار کے قریب افراد سوار ہو سکتے ہیں۔
سنہ 2021 سے بنائے جانے والے اس کُروز شپ کے ڈیزائن کی سب سے شاندار بات اس کے فرنٹ سیکشن پر نصب شیشے کا بڑا ڈوم ہے۔ اس بحری جہاز کو رواں برس جون میں پانی میں ٹیسٹ کرنے کے لیے اُتارا گیا تھا۔
آئیکن آف دی سیز دو لاکھ 50 ہزار ٹن وزنی ہے۔ یہ ٹائیٹینک جہاز سے سائز میں پانچ گنا زیادہ بڑا ہے۔ یہ بحری جہاز رائل کیریبیئن کے ونڈر آف دی سیز نامی بحری جہاز جو کے اس وقت دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز ہے، اسے پیچھے چھوڑ دے گا۔

آئیکن آف دی سیز دو لاکھ 50 ہزار ٹن وزنی ہے۔ یہ ٹائیٹینک جہاز سے سائز میں پانچ گنا زیادہ بڑا ہے (فائل فوٹو: رائل کیریبیئن)

یہاں واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران شپنگ انڈسٹری کو بڑا نقصان پہنچا اور پھر یہ سوالات جنم لینے لگے کہ آیا کیا یہ انڈسٹری دوبارہ کھڑی ہو پائے گی یا نہیں، تاہم اب دوبارہ سے مسافر کُروز کپمنیوں کی جانب واپس آرہے ہیں۔
دی کُروز لائنز انٹرنیشنل ایسوسی ایشن نے اس بات کی پیش گوئی کی ہے کہ رواں برس کُروز شپ پر 3 کروڑ 15 لاکھ افراد سوار ہوں گے جو کہ کورونا وائرس کی وبا سے قبل کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

شیئر: